2 hours ago
سیکیورٹی خدشات، ایئرپورٹ پر مسافروں کو لینے اور چھوڑنے کیلیے نئی شرط
Webdesk
|
26 Feb 2026
سندھ حکومت نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافروں کو چھوڑنے اور لینے آنے والوں کی تعداد محدود کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
یہ فیصلہ صوبائی وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار کی زیر صدارت ہونے والے ایک اہم اجلاس میں کیا گیا، جس میں صوبے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں اعلیٰ پولیس اور محکمہ داخلہ کے افسران نے بھی شرکت کی اور موجودہ خطرات پر بریفنگ دی۔
اجلاس کے دوران وزیر داخلہ نے کہا کہ ماضی کے واقعات اور موجودہ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے سخت اقدامات ضروری ہیں۔ انہوں نے ہدایت دی کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے واضح اور مؤثر طریقہ کار تیار کیا جائے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایئرپورٹ کے باہر غیر ضروری رش سیکیورٹی کے لیے خطرہ بن سکتا ہے، اس لیے اب ہر مسافر کے ساتھ صرف ایک یا دو افراد کو ہی ڈراپ آف پوائنٹ تک آنے کی اجازت ہوگی۔
وزیر داخلہ نے پولیس کو دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ رابطہ مزید مضبوط بنانے کی ہدایت بھی دی۔ ساتھ ہی صوبے کی جیلوں میں تلاشی کے جدید آلات فراہم کرنے اور داخلی و خارجی راستوں پر خواتین اہلکار تعینات کرنے کا حکم دیا گیا۔
اس کے علاوہ اہم سرکاری اور حساس مقامات کی سیکیورٹی کا ازسرنو جائزہ لینے، اسلحے کی نمائش کے خلاف کارروائی تیز کرنے اور سیکیورٹی پالیسی پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی بھی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
Comments
0 comment