50 mins ago
ٹیکسلا میں ٹک ٹاکر گلمانہ کے قتل کا ڈراپ سین، باپ اور بھائی نے غیرت کے نام پر مارا
Webdesk
|
22 Aug 2026
راولپنڈی: ٹیکسلا میں ٹک ٹاکر گلمانہ کے قتل کیس کی تفتیش میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ایس ایس پی آپریشنز ملک طارق محبوب کے مطابق مقتولہ کے قتل میں اس کے والد، بھائی اور دیگر قریبی رشتے دار مبینہ طور پر ملوث نکلے ہیں۔
پولیس کے مطابق کیس میں اب تک پانچ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، جن میں مقتولہ کے والد فضل، بھائی بشیر، چچازاد بھائی احسان، والد کے چچا روزی خان اور چچازاد بھائی کا بیٹا یاسین شامل ہیں۔ گرفتار ملزمان میں مبینہ طور پر دونوں شوٹرز بھی شامل ہیں جبکہ ایک ملزم نے اعتراف جرم کیا ہے۔
ایس ایس پی آپریشنز کے مطابق گلمینہ کے اہلخانہ اس کی سوشل میڈیا سرگرمیوں اور ویڈیوز سے ناخوش تھے۔ تفتیش میں یہ بھی سامنے آیا کہ کچھ عرصہ قبل ایک شادی کی تقریب میں مقتولہ کی شرکت پر بھی اعتراض کیا گیا تھا، جبکہ اس سے قبل ہری پور میں بھی اس پر حملے کی کوشش کی گئی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مبینہ طور پر قتل کی منصوبہ بندی اس انداز میں کی گئی کہ واردات کا الزام کسی دوسرے شخص یا گروہ پر عائد کیا جاسکے۔ واقعے کے بعد سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کی گئیں، مختلف مقامات پر چھاپے مارے گئے اور شواہد کی بنیاد پر مزید افراد کو شامل تفتیش کیا گیا۔
Comments
0 comment