ایس پی کی خودکشی کیس میں پیشرفت

ایس پی کی خودکشی کیس میں پیشرفت

حکومت نے تین رکنی کمیٹی تشکیل دے دی
ایس پی کی خودکشی کیس میں پیشرفت

ویب ڈیسک

|

24 Oct 2025

وفاقی حکومت نے ایس پی انڈسٹریل ایریا عدیل اکبر کی مبینہ خودکشی کے واقعے کی تحقیقات کے لیے تین رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

پولیس کے مطابق ایس پی عدیل اکبر جمعرات کی دوپہر اسلام آباد کے ایک ہوٹل کے قریب اپنی گاڑی میں مردہ حالت میں پائے گئے۔ ان کے سر پر گولی کا نشان تھا جبکہ جائے وقوعہ سے اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔

فارنزک ماہرین نے بیلسٹک شواہد حاصل کر کے واقعے کے محرکات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ایس پی عدیل اکبر نے گاڑی کے اندر خود کو گولی ماری۔

انہوں نے بتایا کہ واقعے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کے لیے تین رکنی کمیٹی قائم کی گئی ہے، جو اندرونِ وزارتِ داخلہ کی مشاورت سے تشکیل دی گئی۔

کمیٹی کی سربراہی انسپکٹر جنرل (آئی جی) اسلام آباد کریں گے جبکہ اس میں ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز، ڈی آئی جی اسلام آباد اور ڈی آئی جی سیکیورٹی شامل ہیں۔

کمیٹی کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ایس پی عدیل اکبر کے اہلِ خانہ، رشتہ داروں اور قریبی ساتھیوں سے رابطہ کرے، ان کے فون ریکارڈ، بیانات اور دیگر شواہد کا جائزہ لے اور رپورٹ وزارتِ داخلہ کو پیش کرے۔

آئی جی اسلام آباد نے واقعے کو پولیس فورس کے لیے “انتہائی افسوسناک اور المناک سانحہ” قرار دیا اور کہا کہ اب تک کسی بیرونی حملے کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔

انہوں نے کہا کہ واقعے کے محرکات اور حالات کا تعین تاحال تحقیقات کا حصہ ہے۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!