14 hours ago
بغاوت کی کوشش پر افغان طالبان نے بھارتی سفیر کو ملک بدر کر دیا

ویب ڈیسک
|
12 Sep 2025
افغانطالبان حکومت نے بغاوت کا پلان بنانے پر بھارت کے ایک سینئر سفارتکار ہریش کمار کو ملک بدر کر دیا ہے۔
طالبان حکام کے مطابق ہریش کمار نے طالبان مخالف شخصیات سے ملاقاتیں کیں اور انہیں منظم کرنے کی کوشش کی۔
ان سرگرمیوں کے باعث طالبان نے انہیں "ناپسندیدہ شخص" قرار دیا اور کابل چھوڑنے کی ہدایت دی۔
رپورٹس کے مطابق ہریش کمار نے حالیہ مہینوں میں دہلی اور قطر کے دوروں کے دوران طالبان مخالف رہنماؤں سے رابطے کیے، جبکہ دبئی میں ملاقاتوں کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا۔
کابل واپسی پر، 15 اگست کو انہوں نے شہر نو کے ایک ریسٹورنٹ میں طالبان مخالفین کے ساتھ خفیہ ملاقات کی۔ طالبان انٹیلی جنس نے کارروائی کرتے ہوئے اجلاس پر چھاپہ مارا اور افغان شرکاء کو گرفتار کر لیا۔
اس واقعے کے بعد، 16 اگست کو طالبان حکام نے کابل میں بھارتی سفارت خانے کے نمائندوں کو طلب کیا اور باضابطہ طور پر سفارتکار کو ملک چھوڑنے کے فیصلے سے آگاہ کیا۔
ہریش کمار اگلے ہی دن، 17 اگست کو کابل سے نئی دہلی روانہ ہو گئے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب بھارت اور طالبان کے درمیان گذشتہ ایک سال میں قریبی روابط قائم رہے ہیں۔
بھارت کے نائب وزیر خارجہ نے دبئی میں طالبان وزیر خارجہ سے ملاقات کی تھی، جبکہ بھارتی حکام نے افغانستان کا سفارت خانہ اور قونصل خانے طالبان انتظامیہ کے حوالے کر دیے تھے۔
دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان ٹیلی فونک رابطے بھی ہو چکے ہیں۔
بھارت نے دو بار طالبان کے وزیر خارجہ کو دہلی مدعو کیا، تاہم اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے یہ دورے روک دیے۔
Comments
0 comment