فرانس، اردن اور مصر کا غزہ میں فوری اور مستقل جنگ بندی کا مطالبہ
Webdesk
|
1 Apr 2024
پیرس: فرانس، اردن اور مصر کے وزرائے خارجہ نے مشترکہ طور پر مطالبہ کیا ہے کہ غزہ میں ایک فوری اور مستقل جنگ بندی کا اعلان کیا جائے۔
غیرملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے اس امر کا مطالبہ قاہرہ میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں کیا۔
فرانس کے وزیر خارجہ سٹیفنے سیجورنے کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت سلامتی کونسل میں ایک ایسی قرارداد کے مسودے کے ساتھ آگے آنے کا ارادہ رکھتی ہے جو غزہ کے تنازعے کے سیاسی حل پر زور دے اور جنگ کو روکے۔
ان کے مطابق اس مسودے کا متن دو ریاستی حل کے حوالے سے اہم ہوگا۔امن کا یہ خاکہ بین الاقوامی برادری کی طرف سے پہلے بھی سامنے آتا رہا ہے۔ تاہم اسرائیل کی حکومت اور وزیراعظم نیتن یاہو اس کی مخالفت کرتے آئے ہیں۔
اردن کے وزیر خارجہ ایمن صفادی نے قاہرہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ کوئی بھی بین الاقوامی قانون اسرائیل پر لاگو نہیں ہو رہا۔ اصل المیہ اور تباہی یہ ہے کہ بین الاقوامی برادری اس کو روکنے میں ناکام ہے۔
اردنی وزیر خارجہ ایمن صفادی نے کہاکہ اسرائیل فلسطینیوں کو بھوک سے نہیں مارنا چاہتا بلکہ ہر اس طاقت کو روکنا چاہتا ہے جو قحط کے راستے میں رکاوٹ بنے۔
مصری وزیر خارجہ سامح شکری نے کہا کہ غزہ مزید کوئی تباہی اور انسانی بحران برداشت نہیں کر سکتا ہے۔
تینوں وزرائے خارجہ نے اپنی حکومتوں کی طرف سے اونرواکی حمایت کی تجدید کا اعلان کیا۔ اونرواکو مالی بحران کا سامنا کرنا پڑا ہے کہ اس کے فنڈز کو کئی ملکوں نے بند کر دیا تھا۔
Comments
0 comment