4 hours ago
غزہ پر قبضے کی کارروائی دو ہفتوں کے اندر شروع ہو گی، اسرائیلی میڈیا

Webdesk
|
1 Sep 2025
تل ابیب: اسرائیلی میڈیا نے پیر کو بتایا ہے کہ فوج نے کابینہ کی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں غزہ شہر کے گھیرا اور قبضے کے لیے اپنی تفصیلی منصوبہ بندی پیش کی۔
فوج کے مطابق یہ کارروائی دو ہفتوں کے اندر شروع ہو گی۔ میڈیا رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ اگلے دو دنوں میں 60 ہزار اضافی فوجیوں کو طلب کرنے کا عمل مکمل کر لیا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق اجلاس کے دوران زیادہ تر وزرا نے غزہ سے متعلق کسی جزوی معاہدے کو مسترد کر دیا، جبکہ فوجی سربراہ ایال زامیر اور سیکیورٹی اداروں کے سربراہان نے جزوی معاہدے کی حمایت کی۔
تاہم وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے اس معاملے پر ووٹنگ نہیں کروائی کیونکہ یہ ایجنڈے میں شامل نہیں تھا۔اس کے ساتھ ہی اسرائیلی فوج کی ایک خفیہ داخلی رپورٹ سامنے آئی ہے جس میں غزہ میں ہونے والے فوجی آپریشن عربات جدعون کی ناکامی تسلیم کی گئی ہے۔
رپورٹ میں اعتراف کیا گیا کہ فوج نے جنگ میں ہر ممکن غلطی کی اور کارروائیوں میں واضح طور پر حکمتِ عملی کا فقدان رہا۔ اس کے نتیجے میں فوج اور سازوسامان کی مسلسل کھپت ہوئی، مگر نہ تو کوئی عسکری برتری ملی اور نہ کوئی سیاسی نتیجہ برآمد ہوا۔
Comments
0 comment