حوثی باغیوں کا اقوام متحدہ کے دفاتر پر دھاوا، 11 اہلکار یرغمال

حوثی باغیوں کا اقوام متحدہ کے دفاتر پر دھاوا، 11 اہلکار یرغمال

اتوار کے روز یمن کے دارالحکومت صنعا سمیت مختلف شہروں میں یہ کارروائیاں کی گئیں
حوثی باغیوں کا اقوام متحدہ کے دفاتر پر دھاوا، 11 اہلکار یرغمال

ویب ڈیسک

|

1 Sep 2025

 

یمن کے دارالحکومت صنعاء میں اتوار کے روز حوثی باغیوں نے اقوام متحدہ کے خوراک، صحت اور بچوں کی ایجنسیوں کے دفاتر پر چھاپے مار کر 11 اہلکاروں کو یرغمال بنالیا۔

ورلڈ فوڈ پروگرام (WFP) کی ترجمان عبیر عتیفہ نے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ صنعاء میں کم از کم ایک اہلکار کو حراست میں لیا گیا ہے، جب کہ دیگر کو قریبی علاقوں سے پکڑا گیا ہے۔

 اقوام متحدہ کے ایک اہلکار اور ایک حوثی ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (WHO) اور یونیسیف (UNICEF) کے دفاتر پر بھی چھاپے مارے گئے۔

عتیفہ نے کہا، "ڈبلیو ایف پی اس بات کو دہراتا ہے کہ انسانی ہمدردی کے عملے کی من مانی حراست ناقابل قبول ہے۔" 

یونیسیف کے ترجمان عمار نے بھی کئی اہلکاروں کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ایجنسی حوثیوں کے زیر کنٹرول علاقوں میں تمام اہلکاروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کام کر رہی ہے۔

یہ چھاپے باغیوں کے زیر قبضہ علاقوں میں اقوام متحدہ کی ایجنسیوں اور بین الاقوامی تنظیموں کے خلاف حوثیوں کی جاری مہم کا حصہ ہیں۔ رواں سال کے اوائل میں، آٹھ اہلکاروں کی گرفتاری کے بعد اقوام متحدہ نے سعدہ میں اپنا کام روک دیا تھا۔

اتوار کے روز ہونے والے یہ واقعات جمعرات کو ہونے والے اسرائیلی حملے کے بعد پیش آئے، جس میں حوثی وزیر اعظم احمد الرحوی، وزیر خارجہ جمال عامر، نائب وزیر اعظم محمد المدنی اور کابینہ کے کئی دیگر ارکان کے ساتھ ساتھ ایک نائب وزیر داخلہ بھی ہلاک ہوئے تھے۔

 اس حملے کا تعلق اسرائیل پر حوثیوں کے حالیہ حملوں اور بحیرہ احمر میں جہاز رانی سے جوڑا گیا تھا۔

حوثی رہنما عبدالمالک الحوثی نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل اور تجارتی بحری جہازوں پر حملے جاری رہیں گے اور ان میں مزید شدت آئے گی۔

 یمن کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی ہنس گرنڈبرگ نے کشیدگی کم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے حوثی زیر کنٹرول علاقوں میں حالیہ حملوں پر "شدید تشویش" کا اظہار کیا۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!