حزب اللہ کے ڈرون نے نیتن یاہو کے بیڈ روم کو نشانہ بنایا ، اسرائیل کا اعتراف
Webdesk
|
22 Oct 2024
اسرائیل نے اعتراف کیا ہے کہ جمعے کے روز حزب اللہ کے ڈرون نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کی رہائش گاہ پر ان کے بیڈروم کی کھڑکی کو نشانہ بنایا تھا۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اس سے قبل یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ حزب اللہ نے نیتن یاہو کی ذاتی رہائش گاہ پر ڈرون حملہ کیا ہے۔
سعودی میڈیا رپورٹس کے مطابق حزب اللہ نے اسرائیل کے شہر قیصریہ میں نیتن یاہو کی رہائش گاہ کو نشانہ بنایا۔ اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر نے بعد میں ایک بیان جاری کیا جس میں کہا گیا کہ نیتن یاہو اور ان کا خاندان حملے کے وقت گھر پر نہیں تھے۔
اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے اس خبر کو شائع کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ اسرائیلی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ حزب اللہ کے ڈرون نے اسرائیل کے شہر قیصریہ میں نیتن یاہو کی رہائش گاہ کو نقصان پہنچایا، جس سے ان کے بیڈروم کی کھڑکی کے شیشے ٹوٹ گئے۔ تاہم خصوصی حفاظتی شیشے کی وجہ سے ڈرون اندر داخل نہیں ہو سکا۔
اسرائیلی میڈیا نے نیتن یاہو کے گھر کے تباہ شدہ حصے کی تصاویر جاری کی ہیں، ایک تصویر بھی منظر عام پر آئی جس میں نیتن یاہو کی رہائش گاہ کا متاثرہ حصہ دکھایا گیا ہے۔
ڈرون حملے کے بعد نیتن یاہو نے واقعے کو قاتلانہ حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایرانی ایجنٹوں نے بہت بڑی غلطی کی۔ "یہ حملہ ہمیں جنگ روکنے پر مجبور نہیں کر سکتا۔"
دوسری جانب نیتن یاہو پر حملے کی کوشش کے بعد اسرائیلی کابینہ کے ارکان نے آرمی چیف کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
Comments
0 comment