7 hours ago
امریکا میں سیلاب سے خوفناک تباہی، 65 سے زائد اموات، درجنوں لاپتہ

ویب ڈیسک
|
6 Jul 2025
امریکی ریاست ٹیکساس میں آنے والے بدترین طوفان کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 67 ہوگئی جبکہ سمر کیمپ میں حصہ لینے والی درجنوں طالبات اب بھی لاپتہ ہیں۔
امریکی ریاست ٹیکساس کے وسطی علاقوں میں سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی اور اس وقت ریاست تاریخ کے بدترین سیلاب کا سامنا کررہی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اب بھی 27 طالبات لاپتہ ہیں جو سمر کیمپ کے تحت دریا کے کنارے چھٹیاں گزار رہی تھیں جبکہ اموات میں اضافے کا خدشہ بھی ہے۔
خبرایجنسی اے پی کی رپورٹ کے مطابق، گزشتہ ہفتے ٹیکساس کے وسطی علاقوں میں سیلاب کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ درخت جڑوں سے اکھڑ گئے، بے شمار گاڑیاں بہہ گئیں، اور ہر طرف سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا ملبہ پھیلا ہوا ہے۔
لاپتا ہونے والے افراد میں وہ 27 لڑکیاں بھی شامل ہیں جو اپنے روایتی سمر کیمپ میں موجود تھیں، اور سیلاب نے کیمپ کی جگہ کو بھی مکمل طور پر تباہ کر دیا ہے۔
کیر کاؤنٹی، ٹیکساس میں 15 بچوں سمیت 43 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، جبکہ مزید 8 افراد قریبی کاؤنٹیوں میں سیلاب کی نذر ہو گئے۔
ریاستی حکام نے ابھی تک یہ نہیں بتایا کہ کیر کاؤنٹی میں دریائے کے کنارے واقع کرسچن سمر کیمپ، کیمپ میسٹکس، سے بچوں سمیت اتنے سارے لوگ کیسے لاپتا ہو گئے، جب کہ اس جگہ سے ہلاک ہونے والوں کی لاشیں برآمد کر لی گئی ہیں۔
رپورٹس سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ جمعہ کو صرف 45 منٹ کے مختصر وقت میں دریائے گواڈالوپ میں پانی کی سطح 8 میٹر (26 فٹ) بلند ہو گئی، جس نے گھروں اور گاڑیوں کو بہا کر مکمل طور پر تباہ کر دیا۔
بارش کا سلسلہ بھی طویل ہوتا گیا، اور ہفتے کو متاثرہ علاقوں سے بڑی تعداد میں شہری سین انٹونیو کے باہر نقل مکانی کرنے پر مجبور ہوئے، جبکہ بارش اور سیلاب کے خطرات بدستور موجود ہیں۔
حکام نے تصدیق کی ہے کہ لاپتا افراد کی تلاش کا کام ہنگامی بنیاد پر جاری ہے، جس کے لیے ہیلی کاپٹر، کشتیاں، اور ڈرونز کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ اس کا مقصد درختوں میں پھنسے ہوئے لوگوں اور سیلاب کی وجہ سے سڑکیں ختم ہونے کے باعث کیمپ میں محصور ہونے والے افراد تک پہنچنا اور ان کی مدد کرنا ہے۔
ٹیکساس کے گورنر گریگ ایبٹ نے حکام پر زور دیا ہے کہ تلاش کے کام میں کوئی تعطل نہیں آنا چاہیے اور مزید ان علاقوں میں بھی تلاش شروع کی جائے جہاں تک پانی پہنچا ہے۔ انہوں نے اتوار کو متاثرین کے لیے **یوم دعا** منانے کا بھی اعلان کیا۔
Comments
0 comment