9 hours ago
میکسیکو کا چینی گاڑیوں پر ٹیرف 50 فیصد تک بڑھانے کا اعلان

Webdesk
|
12 Sep 2025
میکسیکو سٹی: میکسیکو نے اعلان کیا ہے کہ وہ چین اور دیگر ایشیائی ممالک سے درآمد کی جانے والی گاڑیوں پر ٹیرف 50 فیصد تک بڑھا دے گا۔
یہ فیصلہ درآمدی محصولات میں بڑی تبدیلی کے حصے کے طور پر کیا گیا ہے جسے حکومت نے روزگار کے تحفظ کے لیے ضروری قرار دیا ہے جبکہ ماہرین کا کہنا تھا کہ اس کا مقصد امریکہ کو خوش کرنا بھی ہے۔
وزارت معیشت کے مطابق نئی پالیسی کے تحت ٹیکسٹائل، اسٹیل اور آٹو سیکٹر سمیت مختلف شعبوں پر مختلف سطحوں پر ٹیرف بڑھایا جائے گا جس سے 52 ارب ڈالر مالیت کی درآمدات متاثر ہوں گی، فی الحال چینی گاڑیوں پر 20 فیصد ٹیرف عائد ہے جسے اب بڑھا کر ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن کی جانب سے مقررہ زیادہ سے زیادہ سطح تک لے جایا جائے گا۔
وزیر معیشت مارسیلو ایبرارڈ نے کہا کہ اگر کسی حد تک تحفظ نہ ہو تو مقابلہ تقریبا ناممکن ہے۔انہوں نے وضاحت کی کہ یہ اقدامات میکسیکو میں ملازمتوں کو بچانے کے لیے ہیں۔
چین کی وزارت خارجہ نے اس فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وہ مختلف بہانوں کے تحت عائد کی گئی پابندیوں کی مخالفت کرتا ہے اور توقع کرتا ہے کہ میکسیکو اس کے بجائے عالمی معاشی بحالی اور تجارتی ترقی کے لیے تعاون کرے گا۔
ترجمان لن جیان نے کہا کہ ہم اپنی صورتحال کے مطابق اپنے حقوق اور مفادات کا پختہ دفاع کریں گے۔رپورٹ کے مطابق یہ منصوبہ کانگریس کی منظوری سے مشروط ہے جہاں حکومت کو واضح اکثریت حاصل ہے۔
وزارت معیشت کے مطابق ان اقدامات سے ایسے ممالک متاثر ہوں گے جن کے ساتھ میکسیکو کے تجارتی معاہدے موجود نہیں، یہ اقدامات کل درآمدات کے 8.6 فیصد پر اثرانداز ہوں گے اور 3 لاکھ 25 ہزار صنعتی و پیداواری ملازمتوں کو تحفظ دیں گے۔
مزید برآں، اسٹیل، کھلونوں اور موٹرسائیکلز پر 35 فیصد ٹیرف جبکہ ٹیکسٹائل پر 10 سے 50 فیصد کے درمیان ڈیوٹی عائد کی جائے گی۔
Comments
0 comment