نیپال: سوشل میڈیا پر پابندی کیخلاف احتجاج، 19 افراد جان سے گئے

Webdesk
|
8 Sep 2025
کٹھمنڈو: نیپال میں سوشل میڈیا پر پابندی کے خلاف نوجوانوں کے مظاہروں کے دوران پرتشدد جھڑپوں میں 19 افراد لقمہ اجل بن گئے، تقریبا 100 افراد زخمی ہوگئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق دارالحکومت کٹھمنڈو میں پارلیمان کی عمارت کے باہر ہزاروں نوجوان طلبہ و طالبات نے احتجاج کیا جن میں سے کچھ نے رکاوٹیں توڑ کر عمارت کے احاطے میں داخل ہونے کی کوشش کی۔
سرکاری ٹی وی کے مطابق پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس، لاٹھی چارج اور ربڑ کی گولیوں کا استعمال کیا۔ عینی شاہدین نے الزام لگایا کہ پولیس نے اندھا دھند فائرنگ کی جس سے کئی افراد زخمی ہوئے۔
پولیس کے مطابق مظاہروں میں 19 افراد ہلاک اور 28 پولیس اہلکاروں سمیت تقریبا 100 افراد زخمی بھی ہوئے۔
پارلیمان کے ترجمان ایکرام گیری نے بتایا کہ کچھ مظاہرین احاطے میں داخل ہوئے تھے لیکن انہیں مرکزی عمارت تک پہنچنے سے پہلے ہی نکال دیا گیا۔
خبررساں ایجنسی کے مطابق مظاہروں کا دائرہ کٹھمنڈو کے علاوہ برات نگر، بھرت پور اور پوکھرا سمیت دیگر شہروں تک پھیل گیا ہے۔
Comments
0 comment