پاکستان اور آرمینیا کے درمیان سفارتی تعلقات قائم

پاکستان اور آرمینیا کے درمیان سفارتی تعلقات قائم

اس ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین سفارتی تعلقات قائم کرنے کے حوالے سے مشترکہ دستاویزات کا تبادلہ کیا گیا
پاکستان اور آرمینیا کے درمیان سفارتی تعلقات قائم

ویب ڈیسک

|

31 Aug 2025

پاکستان اور آرمینیا کے درمیان سفارتی تعلقات قائم کرنے کے حوالے سے ایک اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔

چین کے شہر تیانجن میں ہونے والے ایک اجلاس کے دوران، پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور آرمینیا کے وزیر خارجہ ارارات میرزویان کے درمیان ملاقات ہوئی۔

اس ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین سفارتی تعلقات قائم کرنے کے حوالے سے مشترکہ دستاویزات کا تبادلہ کیا گیا۔

وزارت خارجہ کے مطابق، دونوں رہنماؤں نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں اور مقاصد پر عملدرآمد کا عزم ظاہر کیا۔

انہوں نے معیشت، تعلیم، ثقافت اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے دونوں ممالک کے عوام کے لیے امن، ترقی اور استحکام کے حصول کے لیے دو طرفہ اور کثیرالجہتی فورمز پر مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

سفارتی ذرائع کے مطابق، دونوں ممالک آئندہ ہفتوں میں سفارتی تعلقات قائم کریں گے اور تیانجن میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کی پہلی باضابطہ ملاقات متوقع ہے۔

یہ بھی بتایا گیا کہ پاکستان نے آرمینیا کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کرنے سے قبل آذربائیجان، ترکی، روس اور ایران کو اعتماد میں لیا ہے۔

سفارتی ذرائع نے اس بات پر زور دیا کہ نگورنو-کاراباخ کے مسئلے کے حل کے بعد آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان تعلقات میں بہتری آئی ہے، اور پاکستان نے ہمیشہ آذربائیجان کا ساتھ دیا ہے۔

آذربائیجان کے ساتھ مشاورت کے بعد پاکستان اور آرمینیا کے مابین سفارتی تعلقات قائم کرنے کی راہ ہموار ہوئی ہے۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!