1 hour ago
اسرائیلی صدر کا دورہ آسٹریلیا پر بڑے عوامی مظاہرے
ویب ڈیسک
|
9 Feb 2026
آسٹریلیا کے مختلف شہروں میں پیر کے روز اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ کے دورے کے خلاف بڑےعوامی مظاہرے کیے گئے۔
اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ اس ہفتے آسٹریلیا کے دورے پر ہیں، جہاں وہ کئی شہروں کا دورہ کریں گے۔
یہ دورہ آسٹریلوی وزیر اعظم انتھونی البانیز کی دعوت پر کیا جا رہا ہے۔ حکومتی مؤقف کے مطابق اس دورے کا مقصد گزشتہ برس 14 دسمبر کو سڈنی کے علاقے بونڈی بیچ میں ہنوکا تقریب کے دوران ہونے والے فائرنگ کے واقعے کے بعد آسٹریلیا کی یہودی برادری سے یکجہتی کا اظہار ہے، جس میں 15 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
تاہم صدر ہرزوگ کے دورے کو عوام کے ایک بڑے حلقے کی جانب سے سخت مخالفت کا سامنا ہے۔
ناقدین کا کہنا ہے کہ اسرائیلی صدر غزہ میں عام شہریوں کی ہلاکتوں کے ذمہ دار ہیں اور ان کا دورہ فلسطینی عوام کی تکالیف کو نظر انداز کرنے کے مترادف ہے۔
فلسطین کے حق میں سرگرم تنظیموں نے ملک بھر میں احتجاج کی کال دی، جس پر پیر کی شام مختلف شہروں اور قصبوں میں ریلیاں نکالی گئیں۔ سڈنی میں ہزاروں مظاہرین مرکزی کاروباری علاقے کے ایک بڑے چوک میں جمع ہوئے، جہاں مقررین نے خطاب کیا اور فلسطین کے حق میں نعرے لگائے گئے۔
مظاہرین میں شامل سڈنی کے رہائشی 30 سالہ جیکسن ایلیٹ نے کہا کہ بونڈی بیچ کا واقعہ یقیناً افسوسناک تھا، مگر انہوں نے آسٹریلوی قیادت پر غزہ میں فلسطینیوں کی صورتحال پر خاموشی اختیار کرنے کا الزام لگایا۔
ان کا کہنا تھا کہ صدر ہرزوگ اپنے دورے کے دوران اسرائیلی قبضے اور جنگ سے متعلق سوالات سے گریز کر رہے ہیں، جبکہ اس دورے کو سفارتی سرگرمی کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے، حالانکہ اصل تنازع کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔
Comments
0 comment