2 hours ago
ایران کا اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے معاہدے کو ختم کرنے کا اعلان
ویب ڈیسک
|
18 Jul 2026
ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے کہا ہے کہ تہران نے امریکا کے ساتھ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت کیے گئے جنگ بندی اور مذاکرات سے متعلق اپنے تمام وعدوں پر عمل درآمد عارضی طور پر روک دیا ہے۔
ایرانی خبر رساں ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ امریکا نے مفاہمتی یادداشت کے تحت کیے گئے وعدوں کی پاسداری نہیں کی، جس کے باعث ایران نے بھی اپنی ذمہ داریاں معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں ایران کی اولین ترجیح اپنے ملک کا دفاع ہے۔
اس سے قبل ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی واضح کر چکے ہیں کہ ایران اپنی سرحدوں کے دفاع میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں کرے گا اور ہر ممکن جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے حالیہ حملوں میں شہریوں کی ہلاکت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایران اپنے عوام کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنائے گا۔
واضح رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان 17 جون 2026 کو پاکستان کی ثالثی میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر اتفاق ہوا تھا، جس کے تحت جنگ بندی برقرار رکھنے اور آئندہ مذاکرات کے ذریعے تنازع کے حل کی کوشش کی جانی تھی۔ بعد ازاں سوئٹزرلینڈ اور قطر میں مذاکرات بھی ہوئے، تاہم حالیہ کشیدگی کے بعد دونوں ممالک کے درمیان دوبارہ حملوں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔
Comments
0 comment