1 hour ago
نادرا شناختی کارڈ پر کیو آر کوڈ لگانے کا فیصلہ، یہ کام کیسے کرے گا؟
Webdesk
|
25 Feb 2026
وفاقی حکومت نے قومی شناختی کارڈ کے نظام میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے اسے جدید خطوط پر استوار کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ نئے نظام کے تحت شناختی کارڈز میں کیو آر کوڈ کی سہولت، مزید سخت اینٹی فراڈ اقدامات اور بہتر بائیومیٹرک معیار شامل کیے جا رہے ہیں۔
حکام کے مطابق نئے شناختی کارڈ پر موجود کیو آر کوڈ میں اہم شناختی معلومات محفوظ ہوں گی، جنہیں مجاز مقامات پر اسکین کر کے فوری طور پر تصدیق کیا جا سکے گا۔ اس اقدام کا مقصد تصدیقی عمل کو تیز، محفوظ اور قابلِ اعتماد بنانا ہے۔
نئے قواعد کے تحت نادرا کو یہ اختیار بھی دیا گیا ہے کہ وہ موجودہ مائیکرو چپ کے بجائے کیو آر کوڈ یا کوئی اور جدید ٹیکنالوجی استعمال کر سکے، تاکہ بدلتی ہوئی ڈیجیٹل ضروریات کے مطابق نظام کو اپ ڈیٹ رکھا جا سکے۔
رپورٹس کے مطابق اس اصلاحات کا بنیادی مقصد شناختی کارڈ کے موجودہ دوہری نظام، یعنی چپ والے اور بغیر چپ کارڈ، کو ختم کر کے ایک یکساں کیو آر کوڈ سے لیس کارڈ متعارف کرانا ہے۔ یہ کارڈ نیشنل ڈیٹا ایکسچینج لیئر سے منسلک ہوگا، جس کے ذریعے آن لائن اور آف لائن دونوں طریقوں سے محفوظ تصدیق ممکن ہوگی۔
حکومت نے فراڈ کی روک تھام کے لیے بھی نئے اقدامات متعارف کرائے ہیں۔ اگر کسی شہری کا شناختی کارڈ معطل کیا جاتا ہے تو اس کے ساتھ منسلک تمام ڈیجیٹل تصدیقی سہولتیں اور سروسز بھی خودکار طور پر بند ہو جائیں گی۔
بائیومیٹرک نظام کو بھی مزید مضبوط بنایا گیا ہے۔ اب فنگر پرنٹس کے ساتھ ساتھ آنکھ کی پتلی (آئرس) کی شناخت کو بھی باضابطہ طور پر شامل کیا گیا ہے، جس سے جدید ملٹی موڈل بائیومیٹرک سسٹم تشکیل پائے گا۔
علاوہ ازیں 60 سال یا اس سے زائد عمر کے شہریوں کے لیے تاحیات اسمارٹ شناختی کارڈ جاری کیے جائیں گے، جن پر سینئر سٹیزن کا خصوصی نشان ہوگا اور انہیں کارڈ کی تجدید کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات ڈیجیٹل گورننس کے فروغ اور شناختی نظام کو زیادہ محفوظ اور مؤثر بنانے کی جانب اہم پیش رفت ہیں۔
Comments
0 comment