راولپنڈی ٹیسٹ پہلا دن، پاکستان نے 5 وکٹوں پر 259 رنز بنالیے
Webdesk
|
20 Oct 2025
راولپنڈی: جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کے اختتام تک پاکستان نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 259 رنز بنالیے ہیں، بابر اعظم پھر بڑی اننگزی کھیلنے میں ناکام رہے،سعود شکیل 42 اور سلمان علی آغا 10 رنز بناکر وکٹ پر موجود ہیں۔
راولپنڈی میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو پاکستان کی پہلی وکٹ 35 رنز پر گرگئی، اوپنر امام الحق 17 رنز بناکر آصف اسپنر ہارمر کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔
امام الحق کے بعد 57 رنز بنانے والے عبداللہ شفیق بھی ہارمر کی گیند پر وکٹ گنوا بیٹھے، کپتان شان مسعود نے بھی شاندار نصف سنچری اسکور کرلی۔چوتھے نمبر پر آنے والے بابر اعظم پھر بڑی اننگزی کھیلنے میں ناکام رہے اور جنوبی افریقہ کا ری ویو ضائع ہونے کے بعد مہاراج کی اگلی ہی گیند پر سلی مڈ آف پر کھڑے ٹونی ڈی زورزی نے شاندار کیچ لے کر انہیں پویلین کی راہ دکھادی، وہ صرف 16 رنز اسکور کرسکے۔
چائے کے وقفے تک پاکستان نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 177 رنز بنائے تھے، بعدازاں کپتان شان مسعود 87 رنز بنانے کے بعد اسپنر مہاراج کا دوسرا شکار بنے، اور جینسن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔محمد رضوان بھی بری اننگز کھیلنے میں ناکام رہے، پروٹیز نے دوسری نئی گیند لیتے ہی رضوان کو 19 رنز پر پویلین واپس بھیج دیا، اس وقت سلمان علی آغا 10 اور سعود شکیل 42 رنز بناکر ناٹ آؤٹ ہیں۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے سائمن ہارمر اور کیشو مہاراج نے 2،2 اور کاگیسو ربادا نے ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل پاکستان نے میچ میں ایک تبدیلی کرتے ہوئے حسن علی کی جگہ تیسرے اسپنر آصف آفریدی کو کھلانے کا فیصلہ کیا۔
جنوبی افریقہ کی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں، اور ویان ملڈر اور پرینیلائن سبرائن کی جگہ مارکو جینسن اور کیشو مہاراج کی واپسی ہوئی ہے۔آصف آفریدی پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے دوسرے عمر رسیدہ کھلاڑی بن گئے ہیں جنہیں نے 38 سال 299 دن کی عمر میں ڈیبیو کرنے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔
پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے عمر رسیدہ ترین کھلاڑی میراں بخش تھے جنہوں نے 47 سال 284 دن کی عمر میں پہلا ٹیسٹ کھیلا تھا۔
Comments
0 comment