شاہ محمود قریشی عمران مخالف گروپ بنانا چاہتے تھے، ہم نے معذرت کی، سابق رہنما کا انکشاف
ویب ڈیسک
|
16 Jan 2024
سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے شاہ محمود قریشی کے الزامات پر اپنا ردعمل جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق ایک روز قبل شاہ محمود قریشی نے اڈیالہ جیل میں سماعت کے دوران صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں دعویٰ کیا تھا کہ ’عمران اسماعیل، علی زیدی، محمود مولوی اور فواد چوہدری سمیت دیگر اراکین نے جیل میں ملاقات کر کے تحریک انصاف چھوڑنے کا دباؤ ڈالا‘۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ’میں نے اس پیش کش اور دباؤ کو مسترد کیا اور عمران خان کے ساتھ کھڑا رہا، جس پر مجھے سزا دی گئی اگر میں بھی لوٹا بن جاتا تو منظور نظر ہوتا اور کوئی سختی نہیں ہوتی‘۔
اس دعوے پر سابق گورنر عمران اسماعیل نے خاموشی توڑتے ہوئے جیل میں شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی تصدیق کی اور بتایا کہ کسی نے تحریک انصاف چھوڑنے پر دباؤ نہیں ڈالا تھا۔
میری شاہ محمود قریشی سے جیل میں ملاقات ہوئی تھی - میں ریکارڈ کی درستگی کے لیے یہ بات کہنا چاہتا ہوں کہ میں نے ان سے کبھی PTI چھورنے کی بات نہیں کی- یہ ملاقات شاہ صاحب کی خواہش پر ہوئی تھی- شاہ صاحب اپنا گروپ تشکیل دینا چاہیے تھے جس پر ہم نے ساتھ دینے سے معذرت کی-
اپنے بیان میں عمران اسماعیل نے کہا کہ ’میری جیل میں شاہ محمود قریشی سے ملاقات ہوئی، ریکارڈ کی درستگی کیلیے بتاتا ہوں کہ میں نے اُن سے اُس ملاقات یا کبھی بھی پی ٹی آئی چھوڑنے کی کوئی بات نہیں کی‘۔
عمران اسماعیل نے دعویٰ کیا کہ ’یہ ملاقات شاہ محمود کی خواہش پر ہوئی تھی کیونکہ وہ اپنا گروپ تشکیل دینا چاہتے تھے جس پر ہم نے اُن سے معذرت کرلی تھی‘۔
Comments
0 comment