1 hour ago
سیلفی لینے والے شخص کو دھکا دینے پر کنگنا رناوت جیا بچن پر برس پڑیں

Webdesk
|
13 Aug 2025
ممبئی :بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت سیلفی لینے والے شخص کو دھکا دینے پر بھارتی سماج وادی پارٹی کی رکنِ پارلیمان، اداکارہ اور بالی ووڈ اسٹار امیتابھ بچن کی اہلیہ جیا بچن پر برس پڑیں۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے فورا بعد بی جے پی کی ایم پی کنگنا رناوت نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر ایک سخت نوٹ لکھا جس میں جیا بچن پر شدید تنقید کی ہے۔
سیلفی لینے والے کو دھکا دینے پر کنگنا رناوت نے جیا بچن کے عمل کی مذمت کی ہے اور انہیں سب سے زیادہ بگڑی ہوئی، شرمندگی و شرم کی علامت اور مراعات یافتہ خاتون قرار دیا ہے۔
ایمرجنسی کی اداکارہ نے لکھا ہے کہ لوگ ان کے نخرے اور بکواس صرف اس لیے برداشت کرتے ہیں کہ وہ امیتابھ بچن جی کی بیوی ہیں، سماج وادی ٹوپی مرغے کی کلغی جیسی لگتی ہے، جبکہ جیا بچن خود ایک لڑاکا مرغی کی طرح دکھائی دیتی ہیں، کتنی رسوائی اور شرم کی بات ہے۔
اداکارہ سے سیاستدان بننے والی جیا بچن اس وقت اپنا آپا کھو بیٹھیں جب نئی دہلی کے کانسٹیٹیوشن کلب میں ایک شخص نے ان کے ساتھ سیلفی لینے کی کوشش کی۔
اس واقعے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آئی جس نے سب کو حیران کر دیا، کلپ میں سماج وادی پارٹی کی ایم پی جیا بچن کو اپنے ساتھ سیلفی لینے کی کوشش کرنے والے ایک شخص کو دھکا دیتے ہوئے دیکھا گیا، انہوں نے یہ بھی کہا کہ کیا کر رہے ہیں آپ؟ یہ کیا ہے؟
ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے فورا بعد جیا بچن کے رویے پر انٹرنیٹ صارفین نے مایوسی کا اظہار کیا اور اس کی مذمت کی، کچھ نے تو دوسروں سے اپیل کی کہ وہ اداکارہ کو کسی بھی قسم کی توجہ دینا بند کر دیں۔
ایک صارف نے لکھا کہ یہ ان کا بار بار کا رویہ ہے، لوگ ایسے کرداروں کے ساتھ سیلفی لینے کے لیے کیوں پاگل ہیں؟ایک اور صارف نے کہا کہ یہ بہت بدتمیزی ہے۔ایک تیسرے تبصرے میں لکھا ہے کہ ان (جیا بچن)کے ساتھ ہمیشہ کوئی نہ کوئی مسئلہ رہتا ہے، ہم ایک اداکارہ کے طور پر ان کی عزت کرتے ہیں۔
Comments
0 comment