اداکارہ حمیرا اصغر کی موت ہم سب کیلیے سبق ہے، شوبز شخصیات

اداکارہ حمیرا اصغر کی موت ہم سب کیلیے سبق ہے، شوبز شخصیات

اداکارہ کی ڈیفنس میں فلیٹ سے لاش برآمد ہوئی ہے
اداکارہ حمیرا اصغر کی موت ہم سب کیلیے سبق ہے، شوبز شخصیات

ویب ڈیسک

|

9 Jul 2025

کراچی: معروف اداکارہ و ماڈل حمیرا اصغر کی اپارٹمنٹ میں مردہ حالت میں پائی جانے والی لاش نے شوبز انڈسٹری اور معاشرے کو ہلا کر رکھ دیا۔

 منگل کے روز ڈیفنس فیز 6 کے اتحاد کمرشل ایریا میں واقع ان کے فلیٹ سے ان کی 15 سے 20 دن پرانی لاش برآمد ہوئی۔

 پولیس نے بتایا کہ حمیرا گزشتہ سات سال سے اس فلیٹ میں اکیلی رہ رہی تھیں۔

پولیس نے عدالت کے حکم پر فلیٹ خالی کرانے کے لیے دوپہر 3:15 بجے ان کے گھر کا دروازہ کھٹکھٹایا، لیکن کوئی جواب نہ ملنے پر دروازہ توڑا گیا، جہاں حمیرا کی لاش فرش پر پڑی ملی۔ فرانزک شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں، اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ 

موت کی اصل وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد سامنے آئے گی۔

اس واقعے نے شوبز شخصیات کو گہرے صدمے میں مبتلا کر دیا۔ اداکارہ حنا الطاف نے انسٹاگرام پر اپنے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے لکھا، “وہ اکیلی رہتی تھیں، اکیلی دنیا سے رخصت ہوئیں، اور کئی دن گزر گئے کسی کو خبر تک نہ ہوئی۔ یہ صرف ایک نقصان نہیں، بلکہ ایک سبق ہے کہ اپنے دوستوں کی خیریت دریافت کریں، خاص طور پر ان کی جو کبھی خود نہیں بتاتے۔” انہوں نے مرحومہ کی مغفرت اور خاموشی سے زندگی کی مشکلات جھیلنے والوں کے لیے صبر کی دعا بھی کی۔

ماورا حسین نے بھی ایک جذباتی پیغام شیئر کیا، اگر آپ پریشانی میں ہیں یا منفی خیالات کا شکار ہیں، چاہے آپ میرے قریبی دوست ہوں یا محض جاننے والے، براہ کرم رابطہ کریں۔

 اداکارہ امر خان نے انڈسٹری کی تلخ حقیقتوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا، حمیرا کی کہانی ان بہت سے فنکاروں کی عکاسی کرتی ہے جو چمک دمک کے پیچھے تناؤ میں زندگی گزارتے ہیں۔ ایک دن روشنیاں مدھم پڑ جاتی ہیں۔ یہ عارضی دنیاوی مقاصد پر غور کرنے کا دن ہے۔

اداکار عدنان صدیقی، تماشا کے شریک رکن عمر عالم، انوشے اشرف، علی رحمان، اور ایاز صمو سمیت دیگر فنکاروں نے بھی حمیرا کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا اور جذباتی صحت کے بارے میں آگاہی پھیلانے کی ضرورت پر زور دیا۔

یہ واقعہ معاشرے کے لیے ایک عظیم پیغام ہے کہ اپنے پیاروں کی خیریت کو یقینی بنائیں اور مشکل وقت میں ایک دوسرے کا سہارا بنیں۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!