ندا یاسر نے معافی مانگ لی

ندا یاسر نے معافی مانگ لی

اداکارہ و میزبان نے ساتھی اداکارہ کی شادی سے متعلق خبر دینے پر معافی مانگی ہے
ندا یاسر نے معافی مانگ لی

ویب ڈیسک

|

25 Apr 2025

ندا یاسر نے انمول بلوچ کی شادی کی جھوٹی خبر نشر کرنے پر معافی مانگ لی

کراچی: مشہور ٹی وی میزبان ندا یاسر نے اپنے مارننگ شو میں اداکارہ انمول بلوچ کی شادی سے متعلق غلط خبر نشر کرنے پر براہ راست نشریات میں معافی مانگ لی۔

عید الفطر کی خصوصی نشریات کے دوران ندا یاسر نے اچانک انمول بلوچ کی شادی کا اعلان کر کے سب کو حیران کر دیا تھا۔ تاہم، اب انہوں نے اپنے حالیہ شو میں اس غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ایسا بیان دینے سے قبل معلومات کی تصدیق کر لینی چاہیے تھی۔

کسی کا نام لیے بغیر ندا یاسر نے وضاحت کی کہ شوبز کی ایک شخصیت نے غیر رسمی گفتگو میں انمول بلوچ کی شادی کا ذکر کیا تھا اور وہ معلومات ان کے ذہن میں محفوظ تھیں، جسے انہوں نے عید کے شو میں غلطی سے نشر کر دیا۔

واضح رہے کہ عید کے اس شو میں گلوکار فلک شبیر اور اداکارہ سارہ خان بھی بطور مہمان شریک تھے۔ اس دوران سارہ خان نے حال ہی میں شادی کرنے والے تمام جوڑوں کو مبارکباد دی تھی، جن میں انہوں نے انمول بلوچ کا نام بھی شامل کیا تھا۔

ندا یاسر کی جانب سے مبارکباد دیے جانے کے بعد سوشل میڈیا پر انمول بلوچ کی خفیہ شادی کی افواہیں پھیل گئی تھیں۔ تاہم، اداکارہ نے فوری طور پر سوشل میڈیا پر ایک وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے ان تمام افواہوں کی تردید کی اور واضح کیا کہ وہ ابھی شادی شدہ نہیں ہیں۔

ندا یاسر کی جانب سے آن ائیر معافی مانگنے کے بعد اس معاملے پر بحث ختم ہو گئی ہے اور مداحوں نے ان کے اس اقدام کو سراہا ہے۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!