انوراگ کشیپ نے بالی وڈ اور ممبئی شہر کو خیر باد کہہ دیا

Webdesk
|
6 Mar 2025
ممبئی : بالی ووڈ کے مشہور ہدایت کار، رائٹر اور اداکار انوراگ کشیپ نے بالی ووڈ اور ممبئی شہر چھوڑنے کی تصدیق کردی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق انوراگ کشیپ نے بالی ووڈ فلم انڈسٹری کو زہریلا قرار دیتے ہوئے ساتھ ہی فلم نگری ممبئی چھوڑ کرجنوبی بھارت شفٹ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وہ اب مستقل طور پر بنگلور منتقل ہوگئے ہیں۔
انوراگ کشیپ کا کہنا ہے کہ وہ فلمی دنیا اور اس سے وابستہ لوگوں سے دور رہنا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ انڈسٹری اب بہت ہی زہریلی ہوگئی ہے جہاں ہر کوئی 500 یا 800 کروڑ کی فلم بنانے کی کوشش میں لگا ہوا ہے۔
1998 سے فلمی دنیا سے تعلق جوڑنے والے 52 سالہ ہدایتکار نے اپنے 27 سالہ کیرئیر کے بعد اسے خیرباد کہہ دیا ہے۔ انوراگ کا مزید کہنا ہے کہ بالی ووڈ میں اب تخلیقی ماحول دم توڑ چکا ہے اور وہ اس سے مایوس اور بیزار ہوکر خود کو ایک نئی زندگی دینے کیلئے جنوبی بھارت منتقل ہوگئے ہیں۔
صرف یہی نہیں ہدایت کار نے یہ بھی اعتراف کیا کہ وہ ساتھ کے فلم سازوں سے حسد کرتے ہیں، کیونکہ ان کے لیے موجودہ حالات میں نئے تجربے کرنا مشکل بن گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فلم پر پیسہ لگانے والوں کو صرف اپنے منافع کی فکر ہوتی ہے۔
انوراگ کشیپ کے اس بیان سے بالی ووڈ انڈسٹری میں کھلبلی مچ گئی ہے اور انڈسٹری سے جڑا ہر شخص ان کے اس بیان پر تبصرے کر رہا ہے جبکہ سوشل میڈیا پر بھی یہ خبر آگ کی طرح پھیل چکی ہے۔
Comments
0 comment