7 hours ago
پہلگام حملے کے بعد ہانیہ عامر نئی مشکل میں آگئیں

ویب ڈیسک
|
25 Apr 2025
معروف پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر قبوضہ جموں و کشمیر کے علاقے پہلگام میں ہونے والے حملے کے بعد سوشل میڈیا پر شدید تنقید کی زد میں آ گئی ہیں۔
اداکارہ نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے انسٹاگرام پر اپنے تاثرات کا اظہار کیا تھا۔ اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں انہوں نے لکھا کہ "کہیں بھی ہونے والا المیہ ہم سب کے لیے ایک المیہ ہوتا ہے۔ میرا دل ان معصوم جانوں کے ساتھ ہے جو حالیہ واقعات سے متاثر ہوئیں۔"
انہوں نے مزید کہا: "غم کی زبان ایک ہی ہوتی ہے، آئیں ہم ہمیشہ انسانیت کا انتخاب کریں۔"
تاہم، اس کے باوجود ان کی قومیت کو بنیاد بنا کر بھارتی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے سخت اور نازیبا تبصروں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔
ان کی حالیہ انسٹاگرام پوسٹ پر کئی صارفین نے ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ان فالو کرنے کا اعلان کیا۔
ایک بھارتی صارف نے لکھا: "پہلگام کے بعد ان فالو کر دیا۔" جبکہ دوسرے نے تبصرہ کیا: "جے ہندوستان… بدلے کے لیے تیار!"
یہ تنقید ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ہانیہ عامر نے بھارتی گلوکار دلجیت دوسانجھ کے ساتھ فلم "سردار جی 3" سائن کی ہے، جو 27 جون 2025 کو ریلیز کی جائے گی۔
دونوں فنکاروں کی لندن کنسرٹ میں خوشگوار ملاقات نے اس پراجیکٹ کو مداحوں میں مقبول بنا دیا تھا، لیکن حالیہ سیاسی صورتحال نے فنکاروں کے مابین سرحد پار تعاون پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔
اسی نوعیت کی تنقید فواد خان اور وانی کپور کی فلم "ابیر گلال" کو بھی درپیش ہے، جو 9 مئی کو ریلیز ہونے والی ہے۔
موجودہ حالات میں پاکستانی فنکاروں کے ساتھ ہونے والے مشترکہ منصوبے دباؤ کا شکار ہو گئے ہیں، جبکہ بھارت میں انتہا پسند حلقوں کی جانب سے پاکستانی فنکاروں کے بائیکاٹ کا مطالبہ زور پکڑتا جا رہا ہے۔
Comments
0 comment