پہلگام حملے پر پاکستانی شوبز شخصیات کا اظہار افسوس

ویب ڈیسک
|
24 Apr 2025
پاکستان کی معروف شوبز شخصیات نے بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں پیش آنے والے افسوسناک فائرنگ کے واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے، جس میں 26 افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہوئے۔
منگل کے روز نامعلوم مسلح افراد نے پہلگام میں سیاحوں کے ایک مقام پر فائرنگ کی، جس سے درجنوں معصوم جانیں ضائع ہو گئیں۔
اس المناک واقعے پر پاکستان کے صف اول کے فنکاروں نے بھارتی عوام کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔
معروف اداکار فواد خان، جو اپنی آنے والی بالی ووڈ فلم کی ریلیز کے منتظر ہیں، انہوں نے انسٹاگرام پر ایک جذباتی پیغام شیئر کیا۔ انہوں نے لکھا: "پہلگام میں ہونے والے اندوہناک حملے کی خبر سن کر دلی صدمہ ہوا۔ ہمارے دل اور دعائیں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ ہم اس کٹھن وقت میں ان کے لیے صبر اور حوصلے کی دعا کرتے ہیں۔"
اداکارہ ماورا حسین، جن کی بالی ووڈ فلم صنم تیری قسم حال ہی میں دوبارہ ریلیز ہوئی ہے، نے کہا: "کہیں بھی ہونے والا سانحہ ہم سب کے لیے سانحہ ہے۔ میرے دل میں ان معصوم جانوں کے لیے درد ہے جو اس واقعے کا نشانہ بنیں۔ دکھ، غم اور امید میں ہم ایک ہیں۔ جب معصوم زندگیاں چھینی جاتی ہیں، تو درد صرف اُن کا نہیں ہوتا، بلکہ ہم سب کا ہوتا ہے۔ دکھ کی زبان ایک ہوتی ہے۔ ہمیں ہمیشہ انسانیت کا انتخاب کرنا چاہیے۔"
اداکار عثمان خان نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر لکھا: "دہشتگردی جہاں بھی ہو، چاہے پاکستان میں ہو یا بھارت میں یا کسی اور جگہ، قابلِ مذمت ہے۔ ہمیں اجتماعی طور پر ایسے بے معنی تشدد کے خلاف آواز اٹھانی ہوگی۔"
اداکارہ ہانیہ عامر نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا: "کہیں بھی ہونے والا المیہ ہم سب کے لیے المیہ ہوتا ہے۔ غم کی زبان ایک ہے، اور ہمیں ہمیشہ انسانیت کا انتخاب کرنا چاہیے۔"
گلوکار اور اداکار فرحان سعید نے بھی انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے پہلگام کے متاثرین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔
یہ شوبز ستارے اس بات پر متفق دکھائی دیے کہ انسانیت اور ہمدردی کی کوئی سرحد نہیں ہوتی، اور ایسے وقت میں ہمیں بطور انسان ایک دوسرے کا ساتھ دینا چاہیے۔
Comments
0 comment