پاکستان مخالف فلمیں بنانے پر بھارتی اداکار بالی ووڈ انڈسٹری پر برس پڑے
Webdesk
|
17 Jan 2024
بالی ووڈ اداکار اور فلمی ناقد و مبصر کمال راشد خان (کے آر کے) نے بھارت کی انڈسٹری میں پاکستان مخالف فلمیں بنانے پر ذمہ داران کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
کے آر کے نے اپنے ویڈیو بیان میں بالی ووڈ کی نئی فلم ’فائٹر‘ پر تنقید کرتے ہوئے طنز کیا کہ ’فلم میں ہریتھک روشن پاکستان پر بمباری کیلیے تیار نظر آرہے ہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ ’مجھے یہ سمجھ نہیں آتا کہ ہر فلم میں پاکستان پر ہی کیوں بمباری کی جاتی ہے؟ بالی ووڈ کے ہدایت کار کبھی چین پر بھی بمباری کرلیں کیونکہ چین بھی ہمارا دشمن ہے اور پھر ہمیں وہاں فلم میں وہاں بمباری دکھانے میں کیا مسئلہ ہے؟۔
کے آر کے نے طنزر کرتے ہوئے کہا کہ ’جیسے فلم میں ہریتھک روشن تین افسران کے ساتھ پاکستان کو مکمل تباہ کردیتے ہیں اور ہر تیسری فلم میں یہی دکھایا جاتا ہے تو پھر یوم دفاع پر بھارتی فوج کے ہتھیاروں پر اربوں روپے کیوں خرچ ہوتے ہیں؟۔
انہوں نے طنزیہ انداز میں بالی ووڈ شخصیات اور حکومت کو مخاطب کر کے کہا کہ ’ میں تو کہتا ہوں کہ ہر 6 مہینے بعد ہریتھک روشن کو ہی پاکستان بھیج دیا کریں تاکہ وہ پاکستان کو تباہ کردے، پھر بھارتی فوج کا تو کوئی کام ہی باقی نہیں رہے گا‘‘۔
کے آر کے نے ایک اور سوال کرتے ہوئے کہا کہ ’جب دس بار فلموں میں پاکستان تباہ ہوچکا ہے تو پھر ہر فلم میں پاکستان کیسے واپس آجاتا ہے‘۔
Comments
0 comment