17 hours ago
پاکستانی فلم انڈسٹری کے ممتاز مصنف محمد کمال پاشا انتقال کرگئے

ویب ڈیسک
|
3 May 2025
لاہور: پاکستانی فلم انڈسٹری کے نامور اسکرپٹ رائٹر اور کہانی نویس محمد کمال پاشا طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے۔
کمال پاشا کے بیٹے نے والد کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے ہفتے کو اسپتال میں اپنی آخری سانسیں لیں اور زندگی کو ہمیشہ کیلیے خیر باد کہہ گئے۔ بیٹے عبداللہ پاشا کے مطابق والد کئی ماہ سے علیل تھے اور مقامی اسپتال میں زیر علاج تھے۔
کمال پاشا نے پاکستانی سنیما کو 300 سے زائد فلموں کے اسکرپٹس دے کر اسے فکری گہرائی اور معاشرتی شعور سے مالا مال کیا۔
ان کی تحریریں غربت، محبت، سماجی ناانصافی، اخلاقی زوال اور انسانی المیوں جیسے گہرے موضوعات پر مبنی تھیں، جو نہ صرف تفریح فراہم کرتی تھیں بلکہ سوچنے پر بھی مجبور کرتی تھیں۔
ان کے انتقال نے پاکستانی فلمی حلقوں میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔
فلمی صنعت سے وابستہ افراد نے انہیں "بے مثال کہانی کار" اور "عہد ساز مصنف" قرار دیتے ہوئے ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
مرحوم کی تدفین کے انتظامات جلد مکمل کرلیے جائیں گے، جبکہ ان کے چاہنے والوں اور فلمی شخصیات نے شرکت کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔
کمال پاشا کی وفات پاکستانی سنیما کے لیے ایک ناقابل تلافی نقصان ہے، تاہم ان کی تخلیقات ہمیشہ انہیں زندہ رکھیں گی۔
Comments
0 comment