پنجاب حکومت کی معروف مصنف کمال پاشا کی مالی امداد

Webdesk
|
27 Mar 2025
پاکستان فلم انڈسٹری کے معروف مصنف محمد کمال پاشا کی پنجاب حکومت نے مالی امداد کرتے ہوئے انہیں 5 لاکھ روپے کا امدادی چیک فراہم کر دیا۔
سیکرٹری اطلاعات و ثقافت پنجاب طاہر رضا ہمدانی نے سروسز اسپتال میں محمد کمال پاشا کی عیادت کے دوران حکومت پنجاب کی جانب سے دیا گیا چیک محمد کمال پاشا کے حوالے کیا۔
لالی ووڈ انڈسٹری کیلئے 300 سے زائد فلموں کے اسکرپٹ لکھنے والے کمال پاشا برین سٹروک اور برین ڈیمیج کا شکار ہیں اور گزشتہ سات ماہ سے علیل ہیں۔ ان کے بیٹے کے مطابق بیماری کی شدت کے باعث وہ اپنی یادداشت بھی کھو چکے ہیں۔
ان کے بیٹے کا مزید کہنا تھا کہ مالی مشکلات کے سبب ان کے علاج میں دشواری کا سامنا تھا، جس کے بعد انہوں نے وزیراعلی پنجاب مریم نواز سے مدد کی اپیل کی تھی۔
میڈیا پر خبر وائرل ہونے کے بعد حکومت پنجاب نے فوری طور پر نوٹس لیتے ہوئے ان کی مدد کا اعلان کیا۔ سیکرٹری اطلاعات و ثقافت نے اس موقع پر یقین دہانی کرائی کہ حکومت فنکاروں اور مصنفین کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔
Comments
0 comment