اسلام آباد ائیرپورٹ پر بدترین اسکریننگ، منکی پاکس کا مریض نکل کر پشاور پہنچ گیا
ویب ڈیسک
|
11 Sep 2024
خیبرپختونخوا میں منکی پاکس کا پانچواں کیس سامنے آیا ہے جبکہ اس سے قبل متاثر ہونے والے تمام مریض صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔
صوبائی محکمہ صحت کے مطابق 33 سالہ مریض خلیجی ملک سے 7 ستمبر کو اسلام آباد ائیرپورٹ کے ذریعے سفر کرکے پاکستان آیا، جس میں منکی پاکس کی علامات تھیں۔
منکی پاکس سے متاثرہ شخص پشاور آیا اور ہوٹل میں قیام کے اگلے روز علاج کے سلسلے میں نجی کلینک گیا۔نجی کلینک نے مریض کو خیبرٹیچنگ اسپتال ریفر کیا جہاں مختلف ٹیسٹوں کے بعد متاثرہ شخص میں منکی پاکس کی تصدیق ہوئی۔
حکام کے مطابق متاثرہ شخص نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ہے جبکہ وہ واپس آکر کسی بھی رشتے دار سے نہیں ملا تھا۔
وزیرصحت کے پی نے بیان میں کہا کہ افسوس ہے کہ ملک کے سب سے بڑے ائیرپورٹ پر منکی پاکس کا مریض بغیر اسکریننگ کے کیسے نکلا، کتنے ایسے مریض روزانہ اسلام آباد ائیر پورٹ سے نکل کر ملک کے مختلف علاقوں میں جاتے ہوں گے۔
پختونخوا کے انٹری پوائنٹس پر اب تک 66 ہزار سے زائد افراد کی اسکریننگ ہوچکی ہے۔ اب تک 17 مشتبہ مریضوں کی اسکریننگ میں 5 کیسز کنفرم ہوئے ہیں۔
Comments
0 comment