4 hours ago
بشنوئی گینگ کی دھمکیاں، سلمان خان نے بڑا فیصلہ کرلیا
Webdesk
|
28 Jun 2026
ممبئی:بولی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان اپنے خاندان کے ساتھ ممبئی کے مشہور گیلیکسی اپارٹمنٹس کو چھوڑ کر جلد ایک نئے اور شاندار گھر میں منتقل ہونے جارہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، مہاراشٹر کوسٹل زون مینجمنٹ اتھارٹی نے 16 جون کو خان خاندان کو ممبئی کے علاقے باندرہ کے چمبئی میں گلیکسی اپارٹمنٹس کے قریب ایک رہائشی عمارت کی تعمیر کی منظوری دے دی ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ یہ جگہ گلیکسی اپارٹمنٹس سے زیادہ فاصلے پر نہیں ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس منصوبے کے لیے زمین سلمان خان کی والدہ سلمی خان، جنہیں سشیلا چرک کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، نے 2011 میں خریدی تھی۔
اس زمین پر پہلے دو منزلہ ایک پرانا بنگلہ موجود تھا، لیکن وقت گزرنے کے ساتھ اس کی حالت خراب ہو گئی تھی، جس کے بعد اسے گرا کر نئی عمارت بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔
سلمان خان کا خاندان 1974 سے گلیکسی اپارٹمنٹس میں رہ رہا ہے۔ اسی سال معروف فلمی مصنف سلیم خان اپنی اہلیہ سلمی خان اور پانچ بچوں کے ساتھ یہاں منتقل ہوئے تھے۔
وقت کے ساتھ خاندان کے بیشتر افراد الگ گھروں میں منتقل ہو گئے، لیکن سلمان خان اپنے والدین کی خاطر اسی عمارت کے گرانڈ فلور پر ایک چھوٹے سے فلیٹ میں رہ رہے تھے۔
اب خبر آئی ہے کہ یہ خاندان جلد ہی ایک نئے اور بڑے گھر میں منتقل ہو جائے گا۔رپورٹس میں یہ بھی دعوی کیا گیا ہے کہ نئے گھر میں منتقل ہونے کا ایک اہم سبب سلمان خان کو ملنے والی سیکیورٹی دھمکیاں ہیں۔
بتایا جاتا ہے کہ لارنس بشنوئی گینگ کی جانب سے مسلسل دھمکیوں کے بعد خاندان نے زیادہ محفوظ رہائش اختیار کرنے کا فیصلہ کیا۔
2024 میں گلیکسی اپارٹمنٹس پر فائرنگ کا واقعہ بھی پیش آیا تھا، جس میں عمارت پر چار گولیاں چلائی گئی تھیں۔ اس واقعے کے بعد وہ مشہور بالکونی، جہاں سلمان خان اکثر اپنے مداحوں کو نظر آتے تھے، حفاظتی وجوہات کی بنا پر بند کر دی گئی تھی۔
رپورٹس کے مطابق، نئے بنگلے میں جدید اور مضبوط سیکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے تاکہ خاندان کی حفاظت کو مزید یقینی بنایا جا سکے۔
سلمان خان یا ان کے خاندان کی جانب سے اس تمام معاملے پر ابھی تک کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا، اس لیے ان خبروں کی باضابطہ تصدیق ہونا باقی ہے۔
Comments
0 comment