حسن رحیم نے خاموشی سے شادی کرلی

Webdesk
|
12 Aug 2025
مشہور گلوکار حسن رحیم خاموشی سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئے ہیں اور ان کی شادی کی تقریب کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔
'وشز' نامی گانے سے شہرت حاصل کرنے والے حسن رحیم نے اگرچہ ابھی تک اپنی شادی سے متعلق کوئی باضابطہ اعلان یا تصاویر شیئر نہیں کیں، لیکن ان کی دلہن کے ساتھ کی ویڈیوز اور تصاویر نے مداحوں کو خوشگوار حیرت میں مبتلا کر دیا ہے۔
شادی کی تقریب کی وائرل ہونے والی تصاویر میں حسن رحیم کو روایتی گلگتی لباس اور فیدرکپ (پروں والی ٹوپی) پہنے دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ ان کی دلہن نے ہلکے نیلے رنگ کا خوبصورت لباس زیب تن کیا ہوا ہے۔
یہ تقریب رات کے وقت کھلی جگہ پر منعقد ہوئی جس میں ہر طرف سرسبز باغات نظر آ رہے ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل حسن رحیم نے ایک بار مداحوں اور ساتھی فنکاروں کو اپنی شادی کی تصاویر شیئر کر کے حیران کر دیا تھا، جو بعد میں ان کے ایک میوزک ویڈیو کی تشہیر کے لیے ایک مذاق ثابت ہوا تھا۔
اس وقت انہوں نے کہا تھا کہ وہ اپنی شادی کی تصاویر آن لائن شیئر کرنے کی اجازت نہیں دیں گے اور اسے پرائیویسی کی خلاف ورزی قرار دیا تھا۔ "ہم نے اسے کم سے کم رکھا، یہ ایک بڑا دن تھا،" انہوں نے اس وقت کیپشن میں لکھا تھا۔
تاہم، اس بار شادی کی تصاویر اور ویڈیوز حقیقت پر مبنی ہیں اور مداح انہیں مبارکبادیں دے رہے ہیں۔
Comments
0 comment