اکتوبر 24 میں حمیرا اصغر کا انتقال ہوا، انکشاف

ویب ڈیسک
|
10 Jul 2025
کراچی: حال ہی میں اپنے فلیٹ سے ملنے والی اداکارہ و ماڈل حمیرہ اصغر کی موت کے معاملے میں چونکا دینے والے انکشافات سامنے آگئے ہیں۔
اسٹائلسٹ دانش مقصود نے بتایا کہ ان کی حمیرہ سے آخری بات چیت اکتوبر 2024 میں ہوئی تھی، جو ڈیجیٹل فرانزک تجزیہ اور پولیس کی تفتیش سے مطابقت رکھتی ہے۔ تفتیش کے مطابق حمیرہ کی موت ممکنہ طور پر اکتوبر میں ہی ہوئی تھی۔
ایک نجی ٹی وی چینل کو دیے گئے انٹرویو میں دانش نے بتایا کہ انہوں نے تقریباً دس ماہ قبل حمیرہ کے ساتھ ایک فوٹو شوٹ کیا تھا۔ ان کی آخری بات چیت واٹس ایپ پر اکتوبر میں ہوئی، جہاں حمیرہ نے فوٹو شوٹ کی تعریف کی اور بظاہر خوشگوار موڈ میں تھیں۔
دانش نے کہا، "وہ بہت خوش نظر آ رہی تھیں۔ ہم نے انہیں سوشل میڈیا پر فوٹو شوٹ کے لیے تعاون کی درخواست بھیجی، لیکن کوئی جواب نہیں آیا۔ ہم نے دوبارہ واٹس ایپ پر کال اور پیغامات کیے، مگر پھر بھی کوئی ردعمل نہیں ملا۔"
انہوں نے مزید بتایا، "میں نے 20 اکتوبر کو پیغام بھیجا، جو اب تک غیر پڑھا ہوا ہے۔ ان کا واٹس ایپ پر آخری 'لاسٹ سین' 7 اکتوبر کو دکھائی دیتا ہے۔"
حمیرہ کی اچانک خاموشی پر پریشانی ظاہر کرتے ہوئے دانش نے بتایا کہ ان کی ٹیم نے ایک سوشل میڈیا پبلیکیشن سے رابطہ کر کے حمیرہ کی گمشدگی پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔
تاہم، انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ اس وقت معاملے کو سنجیدگی سے نہیں لیا گیا۔
پولیس تفتیش جاری رکھے ہوئے ہے، اور حمیرہ کی موت کے اسباب جاننے کے لیے مزید شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
Comments
0 comment