10 hours ago
مائیکل جیکسن کا استعمال شدہ موزا 2 لاکھ 50 ہزار روپے میں فروخت

ویب ڈیسک
|
3 Aug 2025
پیرس: آنجہانی پاپ سپر اسٹار مائیکل جیکسن کی 1990 کی دہائی میں فرانس کے ایک کنسرٹ میں پہنی ہوئی ایک جراب نیلامی میں 7,688 یورو (تقریباً 8,822 ڈالر) (تقریباً ڈھائی لاکھ روپے) میں فروخت ہو گئی ہے۔
نیلامی کرنے والے ادارے اورور ایلی نے اے ایف پی کو بتایا کہ یہ بغیر دھلی ہوئی جراب جولائی 1997 میں جنوبی شہر نیمز کے ایک کنسرٹ کے بعد ایک ٹیکنیشن کو مائیکل جیکسن کے ڈریسنگ روم کے قریب ملی تھی۔
مائیکل جیکسن نے یہ جراب اپنے مشہور گانے "بلی جین" پر پرفارم کرتے ہوئے پہنی تھی۔
اس جراب کو گزشتہ 28 سال سے احتیاط سے محفوظ کیا گیا تھا اور اب نیلامی کے لیے پیش کیا گیا۔ اس کی ابتدائی قیمت 3,000 سے 4,000 یورو رکھی گئی تھی۔
یہ پہلا موقع نہیں ہے جب مائیکل جیکسن کے استعمال شدہ سامان کو اتنی بڑی رقم میں فروخت کیا گیا ہو۔ 2009 میں مکاؤ کے ایک ریزورٹ نے 1983 میں ان کا مشہور "مون واک" کرتے ہوئے پہنے گئے چمکدار دستانوں کے لیے 350,000 ڈالر ادا کیے تھے۔
اس کے علاوہ، اسی پرفارمنس سے پہلے پہنی گئی ان کی ایک ٹوپی بھی 2023 میں 80,000 ڈالر سے زیادہ میں فروخت ہوئی تھی۔ 1984 میں ایک کولڈ ڈرنک کے اشتہار میں پہنی ہوئی ان کی چمڑے کی جیکٹ بھی 3 لاکھ ڈالر سے زائد میں فروخت ہوئی تھی۔
مائیکل جیکسن 2009 میں 50 سال کی عمر میں ایک مہلک اوور ڈوز کے باعث انتقال کر گئے تھے۔ ان کی زندگی میں ان پر بچوں کے ساتھ بدسلوکی کے الزامات بھی لگے تھے، تاہم ان کی مقبولیت میں آج تک کوئی کمی نہیں آئی ہے۔
Comments
0 comment