نامور اسکرین رائٹر اور ہدایت کار چل بسے

نامور اسکرین رائٹر اور ہدایت کار چل بسے

فنکاروں، ہدایت کاروں، پروڈیوسرز اور مداحوں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
نامور اسکرین رائٹر اور ہدایت کار چل بسے

Webdesk

|

27 Jun 2026

ممبئی:  بھارتی فلم انڈسٹری، بالخصوص تامل سنیما کے نامور اسکرین رائٹر، ہدایت کار اور اداکار کے بھاگیہ راج 73 برس کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کر گئے۔

ان کی وفات کی خبر سامنے آتے ہی تامل فلمی صنعت میں سوگ کی فضا چھا گئی، جبکہ فنکاروں، ہدایت کاروں، پروڈیوسرز اور مداحوں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کے بھاگیہ راج نے اتوار کی صبح سینے میں شدید تکلیف محسوس کی، جس پر انہیں فوری طور پر ایک نجی اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ڈاکٹروں کی بھرپور کوششوں کے باوجود ان کی جان نہ بچائی جا سکی۔

معروف فلم ساز مصنف اور اداکار کے بھاگیہ راج انتقال کر گئے

مرحوم اپنے سوگواران میں اہلیہ پورنیما بھاگیہ راج، بیٹے شانتنو بھاگیہ راج اور بیٹی سارنیا بھاگیہ راج کو چھوڑ گئے ہیں۔ کے بھاگیہ راج کی وفات کو تامل فلم انڈسٹری کے لیے ایک بڑا نقصان قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ وہ اپنے استاد اور تامل سنیما کے ممتاز ہدایت کار کے بھارتی راجہ کے انتقال کے محض 17 روز بعد دنیا سے رخصت ہوئے، جس سے فلمی حلقوں کا غم مزید گہرا ہو گیا۔

کے بھاگیہ راج کا شمار تامل سنیما کے باصلاحیت ترین مصنفین، ہدایت کاروں اور اداکاروں میں ہوتا تھا۔ انہوں نے متعدد کامیاب فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے، کئی یادگار فلموں کی کہانیاں تحریر کیں اور ہدایت کاری کے شعبے میں بھی منفرد مقام حاصل کیا۔

ان کی نمایاں تخلیقات میں "اورو قیدیئن ڈائری" بھی شامل ہے، جس کی ہدایت کاری ان کے استاد کے بھارتی راجہ نے کی تھی، جبکہ فلم میں کمل ہاسن نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔

بعد ازاں اسی کہانی پر ہندی فلم "آخری راستہ" بنائی گئی، جس میں امیتابھ بچن نے مرکزی کردار نبھایا، جبکہ اس فلم کی ہدایت کاری خود کے بھاگیہ راج نے انجام دی۔

بطور مصنف، ہدایت کار اور اداکار کے بھاگیہ راج کی خدمات بھارتی سنیما، خصوصا تامل فلم انڈسٹری کی تاریخ کا ایک اہم باب سمجھی جاتی ہیں، اور انہیں ان کے منفرد فنی سفر اور لازوال تخلیقات کے باعث ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!