اریج چوہدری نے پاکستان کو خواتین کیلیے غیر محفوظ ملک قرار دے دیا، اسلحہ رکھنے کی اجازت کا مطالبہ

ویب ڈیسک
|
23 Mar 2025
پاکستانی اداکارہ اریج چوہدری نے خواتین کیلیے پاکستان کے حالات کو غیر محفوظ قرار دیتے ہوئے اسلحہ رکھنے کی اجازت دینے کا مطالبہ کردیا۔
ایک پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے اریج کا کہنا ہے کہ پاکستان میں خواتین کے لیے حالات غیر محفوظ ہیں، جہاں روزانہ ناخوشگوار واقعات پیش آتے ہیں۔
انہوں نے 'ایف ایچ ایم' پوڈکاسٹ میں شرکت کے دوران کہا کہ خواتین کو اپنی حفاظت کے لیے ہتھیار ساتھ رکھنا چاہیے۔ اریج نے بتایا کہ انہیں بچپن سے ہی ہتھیاروں میں دلچسسی تھی، اور انہوں نے شوٹنگ کی باقاعدہ تربیت حاصل کی ہے۔ وہ ہمیشہ اپنے ساتھ لائسنس یافتہ اسلحہ رکھتی ہیں، جو ان کی گاڑی اور پرس میں موجود ہوتا ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ اسی ہتھیار کی بدولت انہوں نے ایک بار اپنے مبینہ اغوا کی کوشش کو ناکام بنایا۔
اریج کا کہنا تھا کہ خواتین کو اپنی حفاظت کے لیے عملی اقدامات کرنے چاہئیں، خاص طور پر ان خواتین کے لیے جو رات دیر تک کام کرتی ہیں اور محفوظ ذرائع سے محروم ہیں۔
انہوں نے اس خیال کو رد کیا کہ خواتین ہتھیار کا غلط استعمال کریں گی، اور کہا کہ یہ ہر فرد کی شخصیت پر منحصر ہے۔ اریج نے خواتین کو مشورہ دیا کہ وہ اسلحہ چلانے کی تربیت حاصل کریں اور اپنے ساتھ ہتھیار رکھیں تاکہ وہ خود کو محفوظ محسوس کر سکیں۔
Comments
0 comment