3 hours ago
وسیم بادامی اسپتال میں داخل، دعاؤں کی درخواست

ویب ڈیسک
|
13 Aug 2025
معروف پاکستانی اینکر اور ہر فن مولا وسیم بادامی طبیعت ناسازی کے باعث اسپتال میں داخل ہیں۔
اینکر نے اپنی صحت سے متعلق خبر سماجی رابطے کی سائٹ انسٹاگرام پر ایک تصویر کے ساتھ شیئر کی جس میں اُن کے ہاتھ پر ڈرپ لگی ہوئی ہے۔
وسیم بادامی نے دعاؤں کی درخواست کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں ڈینگی اور سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہے جس کے باعث وہ اسپتال میں داخل ہیں۔
ذرائع کے مطابق معروف اینکر نیشنل اسٹیڈیم کے قریب واقع نجی اسپتال میں زیر علاج ہیں اور اُن کی حالت خطرے سے باہر ہے تاہم مسلسل بخار کی وجہ سے شدید نقاہت ہے۔
واضح رہے کہ وسیم بادامی کو 14 اگست کے حوالے سے اپنی ٹی وی چینل پر خصوصی شو بھی کرنا تھا تاہم اب اُن کی جگہ کسی اور کو موقع دینے پر غور کیا جارہا ہے۔
وسیم بادامی کا شمار پاکستان کے اُن باصلاحیت اینکرز میں ہوتا ہے جو خبرنامے کے علاوہ، سیاسی ٹالک شو اور مذہبی و انٹرٹیمنٹ کے حوالے سے شوز میں بھرپور طریقے سے میزبانی کرتے ہیں۔
Comments
0 comment