پنجاب میں سیلاب سے 33 افراد جاں بحق، سیکڑوں مویشی ہلاک

ویب ڈیسک
|
31 Aug 2025
پاکستان میں بھارت کی آبی دہشت گردی کے باعث سیلاب سے اب تک 33 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بھارت کی جانب سے پاکستان کے دریاؤں میں پانی چھوڑنے اور شدید بارشوں کے باعث پنجاب کے تین بڑے دریاؤں راوی، چناب اور ستلج میں سیلاب کی صورتحال سنگین ہوگئی۔
اس تباہی سے ہزاروں دیہات زیر آب آگئے جس کے باعث سینکڑوں مویشی ہلاک ہوئے، کھڑی فصلیں برباد ہوگئیں۔
دریائے راوی میں پانی کے بہاؤ میں اضافے سے لاہور کے شاہدرہ اور مضافاتی علاقوں میں سیلابی پانی داخل ہوا، جس سے بڑے پیمانے پر مالی نقصان ہوا۔ دریائے چناب اور ستلج میں بھی پانی کی سطح بلند ہونے سے نشیبی علاقوں اور دیہاتوں میں پانی بھر گیا۔
جھنگ میں تریموں ہیڈ ورکس پر پانی کی آمد مسلسل بڑھ رہی ہے اور اب یہ تین لاکھ 61 ہزار کیوسک تک پہنچ چکی ہے۔ سیلاب سے ضلع بھر کے 216 دیہات متاثر ہوئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر جھنگ کے مطابق متاثرین اور ان کے جانوروں کے لیے ٹوبہ روڈ بائی پاس پر فلڈ ریلیف کیمپ قائم کیا گیا ہے، جہاں جانوروں کے لیے چارہ اور سائلیج وافر مقدار میں دستیاب ہے۔
Comments
0 comment