عمران خان نے بیٹوں کو پاکستان آنے اور تحریک کی قیادت سے نہیں روکا، پی ٹی آئی

ویب ڈیسک
|
29 Jul 2025
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ان خبروں کی تردید کی ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ پارٹی کے بانی عمران خان نے اپنے بیٹوں کو پاکستان آنے اور اپنی رہائی کے لیے کسی بھی سرگرمی میں حصہ لینے سے روک دیا ہے۔
قبل ازیں، میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ عمران خان نے اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے بیٹے سلیمان اور قاسم پاکستان نہیں آئیں گے اور نہ ہی کسی احتجاج میں حصہ لیں گے۔
ان رپورٹس کے مطابق، عمران خان کے بیٹوں سلیمان (28) اور قاسم (26) نے پہلی بار مئی میں اپنے والد کی قید کے حوالے سے آواز اٹھائی تھی۔
رواں ماہ کے آغاز میں، عمران خان کی بہن علیمہ خان نے بھی کہا تھا کہ سلیمان اور قاسم امریکہ سے پاکستان آئیں گے تاکہ سابق وزیر اعظم کی رہائی کی تحریک میں شامل ہو سکیں۔
پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے ان رپورٹس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ "عمران خان صاحب کے بچوں کے بارے میں میڈیا میں چلنے والی خبر مکمل طور پر غلط ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’عمران خان صاحب نے ہرگز اپنے بچوں کو پاکستان آنے سے نہیں روکا۔" انہوں نے میڈیا نمائندوں سے درخواست کی کہ وہ عمران خان کی بات کو سیاق و سباق سے ہٹائے بغیر، من و عن نشر کریں‘۔
واضح رہے کہ عمران خان اگست 2023 سے قید میں ہیں اور اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس میں سزا کاٹ رہے ہیں۔ انہیں 9 مئی 2023 کے احتجاج سے متعلق انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت بھی مقدمات کا سامنا ہے۔
Comments
0 comment