2 hours ago
عمران خان سے ملاقات نہ ہونے پر پی ٹی آئی عدالت پہنچ گئی
ویب ڈیسک
|
21 Jan 2026
اسلام آباد: پی ٹی آئی نے عمران خان اور بشریٰ بی بی سے ملاقات اور تنہائی قید کے خاتمے کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا
پاکستان تحریک انصاف نے منگل کے روز اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی ہے جس میں اڈیالہ جیل میں قید پارٹی چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے ملاقات کی اجازت اور مبینہ غیر قانونی تنہائی قید ختم کرنے کا حکم دینے کی استدعا کی گئی ہے۔
درخواست آئین کے آرٹیکل 199 کے تحت دائر کی گئی، جس پر پی ٹی آئی کے تقریباً 17 سینیٹرز بشمول سینیٹر بیرسٹر سید علی ظفر کے دستخط ہیں۔
درخواست میں پنجاب ہوم ڈیپارٹمنٹ اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کو گزشتہ دو ماہ سے بغیر کسی عدالتی حکم یا قانونی جواز کے تنہائی میں رکھا گیا ہے، جو آئین میں دیے گئے بنیادی انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
درخواست کے مطابق مسلسل تنہائی قید جسمانی اور ذہنی اذیت کے مترادف ہے۔ درخواست گزاروں نے الزام عائد کیا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کو قیدیوں کو حاصل بنیادی سہولتوں سے بھی محروم رکھا جا رہا ہے، جن میں کتابوں، اخبارات، ٹی وی، اہل خانہ سے ملاقات اور وکلاء سے رازداری کے ساتھ مشاورت شامل ہے۔
اس کے علاوہ منتخب نمائندوں کو بھی ان سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ اس موقع پر سینیٹر بیرسٹر علی ظفر کا کہنا تھا کہ سینیٹرز نے یہ درخواست اپنی آئینی ذمہ داری کے تحت دائر کی ہے تاکہ انسانی وقار اور قانون کی بالادستی کا تحفظ کیا جا سکے۔
دوسری جانب راولپنڈی میں اڈیالہ جیل کے باہر پی ٹی آئی کے احتجاج کے بعد جب جماعت نے ریلی نکالنے کا اعلان کیا تو پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج کیا۔ پی ٹی آئی کے مطابق پولیس کارروائی کے نتیجے میں متعدد کارکنان گرفتار اور کئی زخمی ہوئے۔
واقعے کے بعد سیاسی صورتحال مزید کشیدہ ہو گئی ہے، جبکہ عدالت میں دائر درخواست پر سماعت کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
Comments
0 comment