عوامی مینڈیٹ کو تسلیم نہیں کیا تو ۔۔۔ تحریک انصاف کی ریاستی اداروں کو مخاطب کر کے سنگین دھمکی
ویب ڈیسک
|
21 Feb 2024
پاکستان تحریکِ انصاف نے عوام کا مسترد شدہ مینڈیٹ چوروں کوجمع کر کے ملک میں پی ڈی ایم-ٹو کا تماشہ رچانے کی کوششوں کو یکسر مسترد کر دیا۔
ایک اعلامیے میں پی ٹی آئی نے کہا کہ عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈال کر قوم کو مجرموں کا غلام بنانے کا نتیجہ بد ترین سیاسی عدم استحکام کی صورت میں نکلے گا، ریاستی ادارے ہوش کے ناخن لیں اور پنجاب و وفاق کا نتیجہ فارم 45 کے مطابق جاری کریں۔
تحریک انصاف نے کہا کہا عوام نے اپنے ووٹ کے ذریعے پی ٹی آئی کو مر کز، پنجاب اور خیبر پختونخواہ میں حکو مت سازی کا مینڈیٹ سونپا ہے ، عمران خان کی نا حق قید، انتخابی نشان چھین لیے جانے اور انتخابی مہم چلانے کی اجازت نہ دیے جانے کے باوجود عوام نے تحریکِ انصاف کو 180 نشستوں کی واضح اکثریت سونپی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ عوامی مینڈیٹ پر کھلے ڈاکے سے پاکستان کو سقوطِ ڈھاکہ جیسے سانحے سے گزرنا پڑا، پاکستان کو دو لخت کیے جانے والوں کے وارث آج پھر عوامی مینڈیٹ کو روندنے کی ریاستی کو شش میں سہولتکار ہیں۔
انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ "ووٹ کو عزت دو" والے نسلی چور ووٹ کی عزت کا جنازہ کندھوں پر اٹھائے 17 سیٹوں کے ساتھ عوامی مینڈیٹ کو مالِ غنیمت سمجھ کر لوٹنے کی مہم کے بڑے بینیفیشری بننے کے خواب دیکھ رہے ہیں ، رجیم چینج سازش کے مکروہ کرداروں کو تاریخ کے بد دیانت ترین چیف الیکشن کمشنر کی تائید حاصل ہے۔
تحریک انصاف نے خبردار کیا کہ عوام دستور و جمہوریت کے ساتھ ننگے کھلواڑ اور اپنے ووٹ پر ڈالے جانے والے کھلے ڈاکےکو ہرگزگوارا نہیں کریں گے اور پی ٹی آئی عوامی مینڈیٹ کی چوری کے خلاف ہر سطح پر بھر پور مزاحمت کرے گی۔
آخر میں تحریک انصاف نے اپیل کی کہ ریاستی فیصلہ ساز ہوش کے ناخن لیں اور مر کز و پنجاب میں عوامی مینڈیٹ کو بلڈوز کرنے کی بجائے فارم 45 مطابق نتائج جاری کریں اور عوام کی منتخب اکثریتی جماعت کو حکومت سازی کا حق دیں۔
Comments
0 comment