2 hours ago
بشری بی بی کی بھی بینائی متاثر، پی ٹی آئی کا سخت ردعمل
ویب ڈیسک
|
30 Mar 2026
پاکستان تحریک انصاف نے بانی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق تشویش ظاہر کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں فوری طور پر اڈیالہ جیل سے اسپتال منتقل کیا جائے تاکہ مناسب طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
پارٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی کی بینائی متاثر ہونے کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں، جس پر شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔ ترجمان کے مطابق جیل میں انہیں مطلوبہ طبی سہولتیں فراہم نہیں کی جا رہیں۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ ان کی میڈیکل رپورٹس کے حوالے سے شفافیت ضروری ہے، اس لیے انہیں فوری طور پر عوام کے سامنے لایا جائے۔ پارٹی نے خبردار کیا کہ اگر ان کی صحت کو کوئی نقصان پہنچا تو اس کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔
میڈیکل رپورٹ کے مطابق بشریٰ بی بی کی آنکھوں کا معائنہ ماہر امراض چشم ڈاکٹر عارف خان نے کیا، جس میں ان کی دائیں آنکھ میں ایک مخصوص عارضہ تشخیص ہوا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ انہیں دھندلا دکھائی دینے، آنکھوں کے سامنے سیاہ دھبے آنے، روشنی کی چمک محسوس ہونے اور سر درد جیسی علامات کا سامنا ہے۔
مزید یہ کہ انہیں نظر کی کمزوری اور دیگر مسائل بھی لاحق ہیں، جس کے باعث انہیں عینک کے باقاعدہ استعمال، آنکھوں کے قطرے اور ادویات لینے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ڈاکٹروں نے چار ہفتوں بعد دوبارہ معائنہ کروانے کا مشورہ بھی دیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف نے ایک بار پھر زور دیا ہے کہ ایک خاتون قیدی کی صحت کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا اور انہیں فوری طور پر بہتر طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔
Comments
0 comment