ڈی چوک احتجاج میں شہادتوں پر بیرسٹر گوہر اور سلمان اکرم راجہ کی علیمہ خان سے تکرار
Webdesk
|
5 Dec 2024
راولپنڈی اڈیالہ جیل کمرہ عدالت میں بیرسٹر گوہر خان اور بیرسٹر سلمان اکرم راجہ کی بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان سے تکرار ہوئی، تکرار ڈی چوک احتجاج میں شہادتوں کی متضاد تعداد بارے ہوئی۔ بیرسٹر گوہر غیر مصدقہ شہادتوں کے بیانیے سے اختلافات کرتے رہے۔
توشہ خانہ 2 کیس سماعت سے قبل علیمہ خان نے بیرسٹر گوہر سے کہا آپ نے 12 شہادتیں کیوں بتائیں؟ بیرسٹر گوہر خان 12 شہادتوں کے فگر پر ڈٹے رہے اور کہا ہمارے پاس جو تفصیلات ہیں اس میں بغیر تصدیق کے کیسے اضافہ کرسکتے ہیں۔
علیمہ خان نے کہا آپ کو معلوم ہے ہمارے کتنے لوگ لاپتہ ہیں؟ بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہم نے ٹیمیں تشکیل دی ہیں جو اس پر کام کررہی ہیں، اس موقع پر بیرسٹر سلمان اکرم راجہ بیرسٹر گوہر خان کی حمایت کرتے رہے۔
بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے کہا پارٹی تمام تر تفصیلات اکٹھی کرنے میں لگی ہے، یقین کریں اس معاملے کو پارٹی ایسے ہی نہیں جانے دے گی، بیرسٹر گوہر نے غیر مصدقہ شہادتوں کی تعداد نشر کرنے اور اس پر بیانیہ بنانے پر افسوس کا اظہار کیا، اور کہا کہ میرے پاس 12 شہادتوں کے علاوہ کوئی مصدقہ شہادت نہیں۔
میں کیسے کہہ دوں کہ سینکڑوں لوگ شہید ہوئے، جس پر علیمہ خان نے کہا کہ آپ یہ بتائیں آپ کس کس شہید اور زخمی کے گھر گئے۔
بیرسٹر گوہر نے جواب دیا کہ سلمان اکرم راجہ سے پوچھیں جو کارکن کنٹینر سے گرا اسکے گھر گئے، سلمان اکرم راجہ نے علیمہ خان سے کہا جو کارکنان عدالتوں میں پیش ہورہے ہیں خدا کیلئے انکو لاپتہ نہ کہیں۔
Comments
0 comment