ڈی چوک پر مظاہرین کو روندنے والا ڈرائیور پاک فوج کا لیفٹیننٹ نکلا
ویب ڈیسک
|
25 May 2024
اسلام آباد میں غزہ بچاؤ تحریک کے دو مظاہرین کو گاڑی تلے روند کر قتل کرنے والا سفاک شخص پاک فوج کا لیفٹیننٹ نکلا جس کو پولیس نے ملٹری پولیس کے حوالے کردیا۔
وفاقی دارالحکومت کے ڈی چوک پر جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد خان کی جانب سے ہونے والا احتجاج تقریباً دو ہفتوں سے جاری ہے۔ تاہم، دھرنا ایک ناخوشگوار واقعے سے متاثر ہوا جب ایک کار سوئے ہوئے مظاہرین پر چڑھ گئی، جس سے دو افراد ہلاک اور تین زخمی ہوئے۔
پولیس کے مطابق افسوسناک واقعہ پیر کو وفاقی دارالحکومت کے تھانہ کوہسار کی حدود میں واقع جناح ایونیو پر پیش آیا۔
زخمی ہونے والوں میں ایک پولیس انسپکٹر بھی شامل ہے، جو ریڈ زون کے باہر غزہ سے اظہار یکجہتی کے لیے ہونے والے احتجاج کے دوران حفاظتی فرائض سرانجام دے رہا تھا۔
پاکستان پینل کوڈ (PPC) کی دفعہ 322، 337-G، 427 اور 279 کے تحت ڈرائیور کے خلاف فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (FIR) درج کی گئی۔ ڈان نیوز نے پولیس ترجمان تقی جواد نے بتایا کہ ڈرائیور حاضر سروس لیفٹیننٹ ہے اور ایک بریگیڈیئر کا بیٹا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ فوجی اہلکار کو مزید قانونی کارروائی کے لیے ملٹری پولیس کے حوالے کر دیا گیا، واقعے کے بعد لیفٹیننٹ نے فوج سے بھی استعفی دے دیا۔
ڈان نے اپنی رپورٹ میں مزید کہا کہ واقعے کے بعد، ملزم کے والد بھی اپنے بیٹے کی رہائی کے لیے پولیس والوں پر اثر انداز ہونے کے لیے تھانہ کوہسار پہنچے تاہم یہ واقعہ سوشل اور مین اسٹریم میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ملٹری پولیس نے فوجی اہلکار کو اپنی تحویل میں لے لیا۔
Comments
0 comment