اڈیالہ جیل میں قید بانی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا خصوصی پیغام

اڈیالہ جیل میں قید بانی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا خصوصی پیغام

جمہوریت کی بنیاد اخلاقیات پر ہوتی ہے۔ جب کسی معاشرے میں اخلاقیات نہ رہیں تو وہاں جمہوریت کا تصور نہیں کیا جا سکتا۔
اڈیالہ جیل میں قید بانی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا خصوصی پیغام

Webdesk

|

29 May 2024

غلامی لوگوں کو چھوٹا کر دیتی ہے اور چھوٹے لوگ کبھی بڑا کام نہیں کر سکتے۔ انسان کی غیرت  اور آزادی مل کر اسے ایک بڑا انسان بناتے ہیں۔ نبیِ محترم ۖ دنیا کے سب سے بڑے انسان اور سب سے بڑے Achiever ہیں۔ انہوں نے لآ اِلہ اِلا اللہ کا کلمہ پڑھوا کر اپنے لوگوں کو آزاد کر دیااور اس آزادی نے ان لوگوں کو جنہیں دنیا ان پڑھ اور بدو کہہ کر پکارا کرتی تھی انہیں دنیا کی سب سے عظیم اور طاقتور ترین قوم بنا دیا۔ اس وقت رسالت مآب ۖ کی قیادت میں قائم ہونے والی مدینہ کی ریاست اور اس میں آنے والے انقلاب کو صحیح طرح سے سمجھنے کی ضرورت ہے۔ اسی طرح رسول محترم ۖ کے دنیا کی امامت کے فلسفے کا مطالعہ کریں

حمود الرحمن کمیشن رپورٹ 1971 کی المناک سانحے کا نہایت جامعیت سے احاطہ کرتی ہے۔ حمود الرحمن کمیشن رپورٹ کے مطابق فردِ واحد یحیی خان نے اپنی طاقت بڑھانے کی خاطر فوج کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچایا۔ اس شخص نے اپنی ضد اور انا کی وجہ سے فوج سے ہتھیار ڈلوائے، رپورٹ کے مطابق ہماری فوج نے  جنگ کے میدان میں تو خوب مقابلہ کیا لیکن فردِواحد یحیی خان نے فوج کی ساری کوشش پر پانی پھیر دیا۔ ہنری کسنجر نے اپنی کتاب میں ذکر کیا ہے کہ فردِواحد یحیی خان  پانچ سال کیلئے  فوج اور ملک دونوں کا سربراہ بننا چاہتا تھا جس کیلئے اس نے اپنا علیحدہ آئین بھی تیار کروا رکھا تھا۔ فردِواحد یحیی خان  نے فوج کو اس قدر نقصان پہنچایا کہ فوج کو خود اسے ہٹانا پڑا.

جمہوریت کی بنیاد اخلاقیات پر ہوتی ہے۔ جب کسی معاشرے میں اخلاقیات نہ رہیں تو  وہاں جمہوریت کا تصور نہیں کیا جا سکتا۔ جمہوریت میں عوام کو اپنے نمائندے خود چننے کا حق سب سے بنیادی ترین حق ہے۔ پاکستان میں جس طرح سے جمہوریت اور اخلاقیات کی دھجیاں اڑائی گئیں اس کی تفصیلات قوم کے سامنے ہیں جبکہ نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کے 8 فروری کے انتخابات کے حوالے سے خیالات اور اس سے پہلے راولپنڈی کے کمشنر کا اعترافی بیان پاکستان میں جمہوریت کی حقیقت بیان کرنے کیلئی کافی ہے۔اس وقت پاکستان میں صرف ایک جمہوری حکومت قائم ہے اور وہ خیبرپختونخوا کی حکومت ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کی خیبرپختونخوا میں حکومت کے تحت پورے صوبے میں کسی بھی سیاسی جماعت پر کوئی بھی سیاسی سرگرمی کرنے پر کوئی پابندی نہیں۔ اس سے پہلے جب مرکز میں پاکستان تحریک انصاف کی جمہوری حکومت قائم تھی تو ہماری مخالف سیاسی جماعتوں کی جانب سیکیے جانے والے احتجاجی مظاہروں یا سیاسی اجتماعات کے موقع پر نہ تو ان کے راستے روکے گئے،نہ ہی ان پر کسی قسم کا تشدد کیا گیااور نہ ہی ان کے خلاف کوئی مقدمہ قائم کیا گیا۔ خیبرپختونخوا کے علاوہ پاکستان  بھر میں قائم فارم 47 کی حکومتیں تحریک انصاف کی ہر پرامن جمہوری اور قانونی سیاسی سرگرمی  کی راہ روکتی ہیں، ہمارے کارکنوں کو بدترین ہراسگی اور تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے اور ان کے خلاف جھوٹے مقدمات کی بھرمار کی جاتی ہے۔  

کرپٹ حکمران اشرافیہ کے مفادات کے تحفظ کیلئے ملک سے جمہوریت اور اخلاقیات کو تباہ کیا جاتا ہے چنانچہ یہی وجہ ہیکہ جو بھی پاکستان میں حکمرانی کے منصب پر پہنچا اس نے لوٹ کھسوٹ کر کے پیسہ باہر بھیجا۔ اس کی تازہ ترین مثال وزیر داخلہ ہے۔ دبئی لیکس پر محسن نقوی کو جوابدہ ہونا ہو گا اور قوم کواپنی اہلیہ کی جائیداد کی منی ٹریل دینا ہو گی اور قوم کو بتانا ہو گا کہ جب محسن نقوی اور اس کی بیوی کا سارا کاروبار پاکستان میں ہے،جائیداد کی خریداری کیلئے پیسہ باہر کیسے منتقل ہوا۔ اسی طرح اسے گندم اسکینڈل کا بھی جواب دینا ہو گا۔

جیل کے اندر انسان کو اپنے رب سے قریب ہونے اور خالق سے تعلق قائم کرنے کا موقع ملتا ہے۔ جیل میں میں نے اپنی ضروریات کو محدود کر لیا ہے جس سے جیل میں رہنا اب مشکل نہیں۔ میں یہ سمجھتا ہوں کہ جب آپ اپنی خواہشات کی غلامی چھوڑ دیتے ہیں تو آپ آزاد ہو جاتے ہیں اور آزاد لوگ آزاد فیصلے کرتے ہیں۔

مشکل وقت میں سوشل میڈیا ٹیم کی خدمات بے مثال ہیں، جیل میں بند ہونے کی وجہ سے کمیونیکیشن کے مسائل ضرور آئے ہیں لیکن مجھے اپنی سوشل میڈیا ٹیم پر بھرپور اعتماد ہے  اور میں اپنی ٹیم کے کے ساتھ کھڑا ہوں۔ تمام سوشل میڈیا ورکرز کو میرا سلام ہے۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!