دفعہ ہوجاؤ : رچرڈ گرینل کا عمران خان کی رہائی کے مطالبے پر پی ٹی آئی کارکن کو جواب
ویب ڈیسک
|
11 Jan 2025
ٹرمپ کے اہم ساتھی اور سابق امریکی انٹیلی جنس چیف رچرڈ گرینل سوشل میڈیا پر عمران خان کی رہائی کے مطالبات سے تنگ آگئے ہیں۔
نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خارجہ پالیسی کے ماہر اور سابق انٹیلی جنس چیف گرینل کو صدارتی مشنز کے لیے خصوصی ایلچی مقرر کیا ہے۔
گرینل نے نامزدگی کا اعلان ہونے کے بعد اور پہلے عمران خان کی رہائی کے بارے میں متعدد ٹویٹس پوسٹ کیں جس کے بعد پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا پر موجود کارکنان نے اُن سے امیدیں باندھ لیں اور ہر ٹویٹ کے نیچے کپتان کی رہائی کا مطالبہ کرتے نظر آئے۔
عمران خان کے حامیوں کی جانب سے مسلسل رہائی کے مطالبات پر رچرڈ گرنیل تنگ آگئے اور انہوں نے پی ٹی آئی کے ایک سوشل میڈیا ورکر کو شٹ اپ کال دے دی۔
رچرڈ نے کیلی فورنیا کے جنگل میں لگنے والی آگ کی ایک ویڈیو شیئر کی اور ڈیموکریٹس کی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے آتشزدگی میں نقصانات کا ذمہ دار موجودہ امریکی حکومت کو قرار دیا۔
گرینل نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ ان لوگوں کو ووٹ دینا بند کر دیں جو پانی کے انتظام اور جنگلات کی پالیسیوں میں عقل اور دانش کا استعمال کرنے میں ناکام رہتے ہیں۔
اس پوسٹ پر پی ٹی آئی کے ایک حامی محمد نواز خان نے گرینل کو پرسکون رہنے کا مشورہ دیا اور انہیں دوبارہ #ReleaseImranKhan ہیش ٹیگ استعمال کرنے کی یاد دلائی۔ اس کے جواب میں گرینل نے عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کرنے والے پاکستانی صارف سے غصے میں کہا: ’آپ جنوبی کیلیفورنیا میں نہیں رہتے، اس لیے دفعہ ہوجائیں‘۔
گرینل کے جواب کے بعد صارف نے عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے اپنی پوسٹ ڈیلیٹ کر دی
Comments
0 comment