دھرنے ختم نہیں کروائے جائیں گے، جاوید عالم اوڈھو کے بیان پر پولیس کی وضاحت
Webdesk
|
30 Dec 2024
ترجمان کراچی پولیس نے کہا ہے کہ پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو نے دھرنے ختم کروانے کا کوئی حکم نہیں دیا۔
ذرائع کے مطابق ترجمان کراچی پولیس نے وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس چیف کا بیان دھرنوں کے خاتمے سے منسلک کرنا غلط فہمی کا شاخسانہ ہے بلکہ پولیس چیف نے کہا تھا کہ دھرنوں کو اس طرح کیا جائے کہ ٹریفک کی روانی میں خلل نہ ہو۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو کا اب سے کچھ دیر قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کراچی میں دھرنے دینے والوں سے بات ہوگئی ہے، آج مغرب سے پہلے دھرنے ختم کردئیے جائیں گے، جو نہیں ہٹے گا اسے قانون کے مطابق ہٹائیں گے۔
اُنہوں نے کہا کہ دھرنے والوں نے آمادگی کا اظہار کیا ہے، پورے شہر کے نظام کو احتجاج کے نام پر مفلوج کرنا ٹھیک نہیں، دھرنوں کے حوالے سے افسران کو ہدایات دے دی ہیں۔
واضح رہے کہ پاراچنار واقعے پر مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے کراچی کے مختلف مقامات پر پانچ روز سے دھرنوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے ٹریفک کی روانی متاثر ہے اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔
عائشہ منزل پر بھی احتجاج کے باعث ٹریفک معطل ہے، نمائش چورنگی کے دونوں ٹریک تاحال ٹریفک کے لیے مکمل بند ہیں، پرفیوم چوک سے جوہر موڑ جانے والا ٹریک احتجاج کے باعث بند ہے، کامران چورنگی سے جوہر جانے والا ٹریک بھی بند کردیا گیا ہے۔
Comments
0 comment