گورنر سندھ کا ٹریفک حادثات پر چیف جسٹس کو خط، لارجر بینچ تشکیل دینے کا مطالبہ

ویب ڈیسک
|
28 Mar 2025
کراچی: گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے چیف جسٹس آف پاکستان کو خط لکھ کر کراچی میں ٹینکرز اور ڈمپرز کی وجہ سے بڑھتے ہوئے حادثات پر فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔
خط میں انہوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ کی عدم توجہی کے باعث شہریوں کی جانیں خطرے میں پڑ گئی ہیں۔
کامران خان ٹیسوری نے سندھ ہائیکورٹ کے سابق چیف جسٹس اور نگراں چیف جسٹس کو بھی خطوط لکھے ہیں، جن میں انہوں نے کراچی میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر سندھ ہائیکورٹ کے احکامات پر عملدرآمد یقینی بنانے کی اپیل کی ہے۔
خط میں زور دیا گیا ہے کہ کراچی کے شہریوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کے لیے ٹینکرز اور ڈمپرز کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں۔
گورنر سندھ نے کہا کہ اگر فوری طور پر مؤثر اقدامات نہ کیے گئے تو حادثات کا یہ سلسلہ مزید جانوں کو نگل سکتا ہے۔
کامران خان ٹیسوری نے چیف جسٹس آف پاکستان سے درخواست کی ہے کہ وہ اس معاملے میں فوری مداخلت کرتے ہوئے شہریوں کے بنیادی حقِ زندگی کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔
2025ء میں 246 مجموعی اموات، 70 ہیوی ٹریفک سے مرگئے
گورنر سندھ کے مطابق، سال 2025ء میں اب تک ٹینکرز اور ڈمپرز کے حادثات میں 70 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
حال ہی میں 24 مارچ کو ملیر ہالٹ پر ایک پانی کے ٹینکر نے موٹرسائیکل سوار خاندان کو کچل دیا، جس میں عبدالقیوم، ان کی حاملہ بیوی زینب اور ان کا نومولود بچہ جاں بحق ہو گئے۔
Comments
0 comment