غزہ جنگ بندی معاہدہ پر دستخط کی تقریب میں ٹرمپ کی دعوت پر وزیراعظم بھی شرکت کریں گے

غزہ جنگ بندی معاہدہ پر دستخط کی تقریب میں ٹرمپ کی دعوت پر وزیراعظم بھی شرکت کریں گے

اسے ’’غزہ امن معاہدے پر دستخط کی تقریب‘‘ قرار دیا جا رہا ہے
غزہ جنگ بندی معاہدہ پر دستخط کی تقریب میں ٹرمپ کی دعوت پر وزیراعظم بھی شرکت کریں گے

ویب ڈیسک

|

12 Oct 2025

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف 13 اکتوبر کو مصر کے شہر شرم الشیخ میں منعقد ہونے والی امن کانفرنس میں شرکت کریں گے، جس کی میزبانی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور مصری صدر عبدالفتاح السیسی مشترکہ طور پر کریں گے۔

اس اجلاس کا مقصد غزہ میں جاری جنگ کے خاتمے کے لیے امن معاہدے کو حتمی شکل دینا ہے۔ دفترِ خارجہ کے مطابق وزیراعظم کو دونوں عالمی رہنماؤں کی جانب سے اس سربراہی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے، جسے ’’غزہ امن معاہدے پر دستخط کی تقریب‘‘ قرار دیا جا رہا ہے۔

نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار سمیت اعلیٰ سطحی وفد وزیراعظم کے ہمراہ مصر جائے گا۔ ترجمان دفترِ خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان کی اس کانفرنس میں شرکت فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت اور فلسطینی کاز کے لیے اس کے تاریخی، اصولی اور غیر متزلزل مؤقف کی عکاس ہے۔

شرم الشیخ اجلاس گزشتہ ماہ اقوامِ متحدہ کی 80ویں جنرل اسمبلی کے موقع پر پاکستان سمیت متعدد مسلم ممالک کی سفارتی سرگرمیوں کا تسلسل ہے، جن کا مقصد غزہ میں دیرپا امن کے لیے کوششوں کو آگے بڑھانا تھا۔

یاد رہے کہ 23 ستمبر کو وزیراعظم شہباز شریف نے مصر، اردن، قطر، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا اور ترکیہ کے رہنماؤں کے ہمراہ امریکی صدر ٹرمپ سے ملاقات کی تھی۔

ملاقات کے بعد ان ممالک نے امریکی صدر کی جنگ بندی کی کوششوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے مشترکہ اعلامیہ جاری کیا، جس میں خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے تعاون کا عزم ظاہر کیا گیا۔

 
 

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!