حکومت ایک بار پھر پی ٹی آئی سے مذاکرات کیلیے پرامید، بلاول بھٹو کو ثالث مقرر کردیا

حکومت ایک بار پھر پی ٹی آئی سے مذاکرات کیلیے پرامید، بلاول بھٹو کو ثالث مقرر کردیا

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اگر بات چیت سے مسائل حل ہوتے ہیں تو یہ ہماری بڑی کامیابی ہوگی
حکومت ایک بار پھر پی ٹی آئی سے مذاکرات کیلیے پرامید، بلاول بھٹو کو ثالث مقرر کردیا

ویب ڈیسک

|

26 Mar 2025

حکومت نے ایک بار پھر پی ٹی آئی سے مذاکرات کی امید باندھتے ہوئے بلاول بھٹو کو ثالثی کے ٹاسک کی پیش کش بھی کردی۔

حکومت نے تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ساتھ مذاکرات کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو ثالث مقرر کر دیا ہے۔

وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے ایک نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے تصدیق کی کہ اگر بلاول بھٹو پی ٹی آئی کی شرکت کی یقین دہانی کروا سکیں تو حکومت قومی سلامتی کمیٹی (این ایس سی) کا اجلاس دوبارہ بلانے کو تیار ہے۔  

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ "بلاول بھٹو خود حکومتی اتحاد کے اہم رکن ہیں، اگر وہ حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان ثالثی کرتے ہیں اور یہ مذاکرات کامیاب ہو جاتے ہیں تو یہ ملک و قوم کے لیے ایک بڑی کامیابی ہوگی۔"

انہوں نے پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ "تمام سیاسی اختلافات کو بات چیت کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے اور اگر مذاکرات کامیاب ہوجاتے ہیں تو یہ ہماری بڑی کامیابی ہوگی‘‘۔

پیکاٹ ایکٹ کے حوالے سے سوال کے جواب میں رانا ثنا اللہ نے کہا کہ "یہ قانون ملکی سلامتی کے لیے ضروری ہے، لیکن اس کے ممکنہ غلط استعمال کی شکایات پر بھی توجہ دی جانی چاہیے۔"

انہوں نے زور دیا کہ اس معاملے پر بھی سیاسی بات چیت سے تحفظات کا حل نکالا جا سکتا ہے۔  

حکومت کی جانب سے بلاول بھٹو کو ثالث مقرر کرنے کا فیصلہ سیاسی بحران کے پرامن حل کی طرف ایک اہم پیش رفت سمجھا جا رہا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ پی ٹی آئی اس پیشکش پر کیا ردعمل ظاہر کرتی ہے۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!