ہمیشہ اچھی امید رکھی تھی، چیئرمین پی ٹی آئی کا ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس پر ردعمل
Webdesk
|
5 Dec 2025
پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے آئی ایس پی آر کی حالیہ پریس کانفرنس پر شدید مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں محاذ آرائی کے بجائے سمجھوتے اور اعتماد کی ضرورت ہے۔
ایک بیان میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ امید رکھی کہ اداروں اور سیاسی جماعتوں کے درمیان کشیدگی کم ہوگی، مگر آج کی پریس کانفرنس نے اس امید کو نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے کہا،
"ملک کا دفاع سب سے اہم ہے، پی ٹی آئی کا بیانیہ کبھی ملک دشمن نہیں رہا اور نہ ہوگا۔ پاکستان بھی ہمارا ہے اور فوج بھی ہماری ہے۔" انہوں نے کہا کہ "ایک دوسرے کو ذہنی مریض کہنا افسوسناک ہے"
بیرسٹر گوہر نے اداروں اور سیاسی قیادت کے درمیان سخت زبان کے استعمال کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسی گفتگو حالات کو مزید بگاڑتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس وقت سب کو ایک دوسرے کو تسلیم کرنے اور جگہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ ماحول میں تناؤ کم ہو سکے۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ ملک میں اعتماد کے شدید فقدان کو ختم کرنا ہوگا، اور جمہوریت پسند قوتوں کو چاہیے کہ کشیدگی کم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ غیر متعلقہ عناصر (نان اسٹیک ہولڈرز) کا بے جا کردار پی ٹی آئی اور اداروں کے درمیان فاصلے بڑھا رہا ہے۔
بیرسٹر گوہر نے مطالبہ کیا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی سے ملاقاتوں کی اجازت دی جائے، کیونکہ رابطے بحال ہونے سے غلط فہمیاں دور ہوں گی اور صورتِ حال میں بہتری آ سکتی ہے۔
Comments
0 comment