جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل بنانے کا فیصلہ میرا تھا، نواز شریف سے مشورہ کیا، وزیراعظم

ویب ڈیسک
|
21 May 2025
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کا فیصلہ انہوں نے کیا اور نواز شریف سے مشاورت کی تھی۔
سینئر صحافیوں سے بات چیت کے دوران وزیراعظم نے بتایا کہ وہ کوئی بھی بڑا فیصلہ کرنے سے پہلے مسلم لیگ (ن) کے رہنما نواز شریف سے مشورہ کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ وفاقی کابینہ نے معرکہ حق اور خاص طور پر آپریشن بُنیانِ مرصوص میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی غیرمعمولی حکمت عملی کے اعتراف میں انہیں فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کی منظوری دی تھی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے جنرل عاصم منیر کی بے مثال قیادت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کمان میں پاکستان نے معرکہ حق میں تاریخی فتح حاصل کی۔
اس موقع پر یادگارِ شہداء جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کو خصوصی گارڈ آف آنر دیا گیا۔ تقریب کے دوران فیلڈ مارشل نے یادگارِ شہداء پر پھول چڑھائے اور شہداء کے لیے فاتحہ خوانی کی۔
’’اسرائیل نے بھارت کی مدد کی، مقبوضہ کشمیر میں اسرائیلی ہتھیار استعمال ہوئے‘‘
وزیراعظم شہباز شریف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ کے دوران اسرائیل نے بھارت کی حمایت کی تھی، اور مقبوضہ کشمیر (سری نگر سمیت) کئی مقامات پر اسرائیلی ہتھیار استعمال کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ جنگ کبھی بھی مستقل حل نہیں ہوتی، پائیدار امن ہی محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے۔
وزیراعظم نے یہ بھی بتایا کہ اگر مستقبل میں پاکستان اور بھارت کے درمیان دہشت گردی کے معاملات پر مذاکرات ہوئے تو دونوں ممالک کے قومی سلامتی مشیر اس میں شامل ہوں گے۔
فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کو یہ اعزاز پاکستان کی فوجی تاریخ میں انتہائی کم افراد کو حاصل ہوا ہے، جو ملک کی سلامتی اور دفاع میں ان کی غیرمعمولی خدمات کا اعتراف ہے۔
Comments
0 comment