کراچی، محکمہ موسمیات نے بارش کی نوید سنادی
Webdesk
|
16 Jan 2026
کراچی: محکمہ موسمیات نے شہر قائد میں آئندہ ہفتے کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق جنوب مغربی سمت سے چلنے والی ہواؤں کے سبب کراچی میں ہلکے بادلوں کے ساتھ موسم خنک ہوگیا جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 87 فیصد رہا۔
کمزور مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک میں داخل ہوگیا، جس کے باعث کراچی میں 22 اور 23 جنوری کو گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کی ارلی وارننگ سینٹر پیش گوئی کے مطابق شہر کی فضاوں پر صبح کے وقت دھند چھانے کا سلسلہ برقرار رہ سکتا ہے جبکہ ہفتہ اور اتوار کو بھی دھند کے سبب حدنگاہ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
ہفتہ کو کم سے کم درجہ حرارت مزید ایک ڈگری اضافے سے 14 ڈگری تک تجاوز کر سکتا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے 3 روز کے دوران صبح کے وقت شمال مشرقی اور سہ پہر میں سمندر کی جنوب مغربی ہوائیں چل سکتی ہیں۔
صبح و رات کے اوقات میں خنکی و سردی بدستور برقرار رہ سکتی ہے۔
واضح رہے کہ شہر میں چند روز سے سردی کی شدت میں کمی محسوس کی جا رہی ہے جبکہ گزشتہ روز ہوا میں نمی کا تناسب 95 فیصد ہونے کے سبب شہر کے بیشتر علاقوں میں شدید دھند دیکھی گئی۔
شہر میں شدید دھند کے باعث کراچی ایئرپورٹ پر ملکی اور غیر ملکی ایئرلائنز کی پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں جبکہ کئی پروازوں کو منسوخ بھی کرنا پڑا۔
Comments
0 comment